عمران یونس:ہائر ایجوکیشن کمیشن پاکستان نے تحصیل سطح پر یونیورسٹی سب کیمپسز کے قیام پر پابندی کو برقرار رکھتے ہوئے اہم اقدام اٹھا لیا ہے۔
ایچ ای سی کے مطابق سب کیمپسز کے قیام سے متعلق تمام زیرالتواء درخواستیں منسوخ کر دی گئی ہیں، جبکہ پبلک اور پرائیویٹ سیکٹر کی جامعات کو بھی اپنے زیر غور منصوبے فوری طور پر معطل کرنے کے احکامات جاری کر دیے گئے ہیں۔
اعلامیے میں واضح کیا گیا ہے کہ بغیر منظوری قائم کیے گئے سب کیمپسز کو کوئی تعلیمی حیثیت حاصل نہیں ہوگی اور ایسے اداروں سے جاری کی جانے والی ڈگریاں بھی تسلیم نہیں کی جائیں گی۔
حکام کے مطابق اس فیصلے کی بڑی وجوہات میں پی ایچ ڈی فیکلٹی کی کمی، طلبہ کی کم تعداد اور ناکافی انفراسٹرکچر شامل ہیں، جو تعلیمی معیار کو متاثر کر رہے تھے۔
ایچ ای سی کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد اعلیٰ تعلیم کے معیار کو بہتر بنانا اور ملک بھر میں یکساں تعلیمی نظام کو یقینی بنانا ہے۔