ویب ڈیسک: پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج یوم الارض (ارتھ ڈے) منایا جا رہا ہے، اس دن کو منانے کا مقصد زمین کو درپیش ماحولیاتی خطرات سے متعلق شعور اجاگر کرنا اور ماحول کے تحفظ کے لیے اقدامات کی ضرورت کو اجاگر کرنا ہے۔
ارتھ ڈے سب سے پہلے 1970ء میں عالمی سطح پر منایا گیا اور اب یہ دن دنیا کے 193 سے زائد ممالک میں ہر سال 22 اپریل کو منایا جاتا ہے۔ اس دن کو منانے کا بنیادی مقصد بڑھتی ہوئی ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانا، قدرتی وسائل کا تحفظ، موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات کو کم کرنا اور زمین کی صحت کو بہتر بنانا ہے۔
ماہرین کے مطابق انسان کی غیر ضروری صنعتی اور روزمرہ سرگرمیوں نے زمین کے قدرتی نظام کو بری طرح متاثر کیا ہے، جس کے اثرات ہم قدرتی آفات جیسے زلزلے، طوفان، خشک سالی اور قحط کی صورت میں بھگت رہے ہیں۔
ماحولیاتی تحفظ کے لیے ضروری ہے کہ ہم درخت لگانے، پلاسٹک کے کم استعمال اور فطری وسائل کے دانشمندانہ استعمال کو اپنی روزمرہ زندگی کا حصہ بنائیں۔ صرف یوم الارض منانا کافی نہیں بلکہ اس دن کی اصل روح یہ ہے کہ ہم اپنی زمین سے محبت کا عملی ثبوت دیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر ہر فرد چھوٹے پیمانے پر بھی ماحول دوست اقدامات کرے تو زمین کو لاحق خطرات میں بڑی حد تک کمی لائی جا سکتی ہے۔