احتساب عدالت نے لاہور پارکنگ کمپنی کیس کا فیصلہ سنا دیا

 احتساب عدالت نے لاہور پارکنگ کمپنی کیس کا فیصلہ سنا دیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

سٹی42: احتساب عدالت نے لاہور پارکنگ کمپنی کیس کا فیصلہ سنا دیا،  لیگی رہنما حافظ نعمان سمیت دیگر ملزمان بری، ملزمان پر لاہور پارکنگ کمپنی کیس میں 8 کروڑ روپے کی کرپشن کا الزام تھا۔

تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت نے لاہور پارکنگ کمپنی کیس کا فیصلہ سنا دیا اور  لیگی رہنما حافظ نعمان سمیت دیگر ملزمان بری ہوگئے، ملزمان پر لاہور پارکنگ کمپنی کیس میں 8 کروڑ روپے کی کرپشن کا الزام تھا۔ لاہور پارکنگ کمپنی کرپشن کیس میں حافظ نعمان کی بریت کا تحریری فیصلہ جاری کر دیا گیا، احتساب عدالت کے جج امجد نذیر چودھری نے نو صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کیا۔

سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق ناجائز اثاثہ بنانے کے شواہد کی عدم دستیابی پر پبلک آفس ہولڈر یا سرکاری فرائض سر انجام دینے والے شخص کے خلاف جرم نہیں بنتا۔تحریری فیصلہ میں کہا گیا کہ پراسیکیوشن نے حافظ میاں محمد نعمان سمیت دیگر ملزمان کے خلاف مالی فوائد حاصل کرنے کا الزام نہیں لگایا، یہ قرار دینے میں کوئی ہچکچاہٹ نہیں کہ نیب ترمیمی آرڈیننس کا اطلاق ماضی با موثر کیا جا سکتا ہے۔

تحریری فیصلہ میں کہا گیا کہ حافظ میاں نعمان سمیت دیگر ملزمان نے اختیارات سے ناجائز تجاوز نہیں کیا، ملزمان کرپشن کے جرم میں بھی ملوث نہیں پائے گئے، نیب کے تمام شواہد ریکارڈ کرنے تک بھی ملزمان کے خلاف جرم ثابت ہونے کا امکان نہیں، حافظ نعمان، تاثیر احمد اور عثمان قیوم کو شواہد کی عدم دستیابی پر ریفرنس سے بری کیا جاتا ہے۔

بری ہونے والے لیگی رہنما حافظ نعمان کا احاطہ عدالت میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ سب لوگ جانتے ہیں کہ ہم نے ہمیشہ ایمانداری سے سیاست کی اور میں نیب کی جانب سے کیس دائر کرنے پر بحث نہیں کرنا چاہتا، میں کسی سے کچھ نہیں چاہتا سب اللہ کی ذات پر چھوڑتا ہوں۔

Shazia Bashir

Content Writer