ویب ڈیسک: امریکی ریاست کینٹکی کے شہر لوئی وِل (Louisville) میں ایک ہائی اسکول میں پیش آنے والے حادثے میں کئی طلبہ زخمی ہو گئے، میچ کے بعد جشن مناتے ہوئے اسٹیڈیم کی ریلنگ اچانک گر گئی۔
مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ جمعہ کی رات ایک ہائی اسکول میں فٹبال میچ کے اختتام پر پیش آیا، جب طلبہ اپنی ٹیم کی جیت پر اسٹیڈیم کی بلیچرز (نشستوں) کے قریب جمع ہو گئے۔ اچانک لوہے کی ریلنگ ٹوٹ کر گر گئی، جس سے درجنوں طلبہ دھڑام سے نیچے جا گرے۔
عینی شاہدین کے مطابق، واقعے کے فوراً بعد اسٹیڈیم میں افراتفری مچ گئی۔ زخمی طلبہ کو فوری طور پر ایمرجنسی میڈیکل ٹیموں نے موقع پر طبی امداد فراہم کی، جبکہ بعض کو قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
پولیس اور اسکول انتظامیہ نے تصدیق کی ہے کہ واقعے میں کئی طلبہ زخمی ہوئے، تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
حکام کا کہنا تھا کہ اسٹیڈیم کی سکیورٹی اور ڈھانچے کا مکمل جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ آئندہ ایسے واقعات سے بچا جا سکے۔
حادثے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے، جس میں طلبہ کو ریلنگ کے ساتھ نیچے گرتے اور چیختے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔