(سٹی42)سینئر صحافی سلیم بخاری کی توشہ خانہ کیس میں عمران خان کے نااہل ہونے کی پیشگوئی سچ ثابت ہوگئی ۔
گزشتہ روز سینئر صحافی سلیم بخاری نے اپنے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ معلوم ہوا ہےکہ جو تحفے عمران خان کو توشہ خانہ میں ملے تھے اور انہوں نے بیچ دیئے جب ولی عہد کو یہ بات معلوم ہوئی تو انہوں نے مارکیٹ سے وہ سب دوبارہ خرید لئے پاکستان کیلئے اس سے زیادہ شرمندگی کی بات نہیں ہوسکتی ۔
سلیم بخاری نے انکشاف کیا کہ پہلے توشہ خانہ پر ٹیکس 20 فیصد دینا ہوتا تھا بعد میں عمران خان نے اس کو 50 فیصد کردیا اور جب ان کو توشہ خانہ سے تحفے ملے تو انہوں نے اپنے ہی فیصلہ کو نہ مانتے ہوئے 50 کی بجائے 20 فیصد ٹیکس ادا کیا اور ان سب چیزوں کو مارکیٹ میں بیچ دیا ، توشہ خانہ کا فیصلہ اگر میرٹ پر آتا ہے تو عمران خان کی خیر نہیں ہے اور وہ نااہل ہو جائیں گے ۔
انہوں نے مزید کہا کہ آج کل امریکا کے سابق صدر ٹرمپ بھی عمران خان کے راستے پر چل رہے ہیں ، ٹرمپ بھی عمران خان کی طرح بائیڈن کی ویڈیوز لیک کر رہے ہیں ۔ 2011 میں جلسے سے پہلے پاکستان کو کہا گیا کہ ایک فرشتہ آئے گا جو پاکستان کی تاریخ بدل دے گا اور سب مشکلیں بھی ختم کر دے گا ، اور اس بات پر میں بھی اپنا جرم قبول کرتا ہوں کہ میں اس وقت اپنا پروگرام کر رہا تھا اور اپنے شو میں بیٹھ کر میں نے کہا تھا کہ ایسا لگتا ہے کہ پاکستان میں اب انقلاب کی بنیاد رکھ دی گئی ہے ۔
واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے عمران خان کے خلاف توشہ خانہ کا فیصلہ سنا دیا۔ الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی چئیرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان کو نا اہل قرار دے دیا، ان کی قومی اسمبلی کی نشست خالی قرار دے دی ساتھ ہی عمران خان کے خلاف فوج داری کارروائی شروع کرنے کا بھی حکم دے دیا۔