ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی میں 4سالہ مڈوائفری ڈگری پروگرام کا آغاز

تقریب میں وائس چانسلر FJMUپروفیسر خالد مسعود گوندل اور UNFPA کی ڈپٹی نمائندہ ڈاکٹر گلنارا قادرکولووا کی شرکت

فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی میں 4سالہ مڈوائفری ڈگری پروگرام کا آغاز
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(سٹی42) عالمی یومِ مڈوائفری 2026 کے موقع پر فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی نے حکومتِ پنجاب اور UNFPA کے اشتراک سے کالج  آف نرسنگ اینڈ مڈوائفری میں چار سالہ مڈوائفری ڈگری پروگرام کا باقاعدہ آغازکر دیا۔ یہ پنجاب کا واحد سرکاری ادارہ ہے جہاں چار سالہ مڈوائفری ڈگری پروگرام کا آغاز کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق تقریب میں وائس چانسلر پروفیسر خالد مسعود گوندل نے بطور چیف گیسٹ شرکت کی جبکہ UNFPAکی ڈپٹی نمائندہ پاکستان اور قائم مقام سربراہ ڈاکٹر گلنارا قادرکولووا (Dr. Gulnara Kadyrkulova) نے وفد کے ہمراہ بطور گیسٹ آف آنر شرکت کی۔ وائس چانسلر پروفیسر خالد مسعود گوندل نے UNFPA کے وفد کے ہمراہ مڈوائفری پروگرام کا افتتاح کیا اور نرسنگ کالج کا دورہ بھی کیا۔تقریب میں UNFPA کے وفد سمیت پرنسپل پروفیسر عبدالحمید، ڈین نرسنگ پروفیسر شمیلہ اعجاز منیر، پروفیسر بلقیس شبیر، ڈاکٹر سید سجاد سرور ، ڈاکٹر ماہ نور فاطمہ، ڈائریکٹر جنرل نرسنگ طاہرہ پروین، پرنسپل نرسنگ مس خدیجہ مشتاق سمیت دیگر فیکلٹی ممبران نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ 
اپنے خطاب میں  وائس چانسلر پروفیسر خالد مسعود گوندل نے حکومتِ پنجاب اور UNFPAکے تعاون پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے ڈائریکٹر جنرل نرسنگ اور نرسنگ کالج کے اساتذہ کی خدمات کو بھی سراہا۔انہوں نے کہا کہ شعبہ یوروگائناکالوجی پیچیدہ مریضوں خصوصاً زچگی فسٹولا کے علاج میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے نئے داخل ہونے والی طالبات کو نصیحت کی کہ وہ ماں اور بچے کی شرحِ اموات میں کمی کے لیے اپنا مؤثر کردار ادا کریں۔ انہوں نے اس پروگرام کو دکھی انسانیت کی خدمت کے لیے صدقۂ جاریہ قرار دیا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر گلنارا (Dr. Gulnara)نے پروفیسر خالد مسعود گوندل کی دوراندیش قیادت کو سراہتے ہوئے فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی کو بہترین ادارہ قرار دیا۔ انہوں نے فاطمہ جناح میڈیکل ہونیورسٹی کی سیلاب متاثرین کے لیے امدادی سرگرمیوں کو بے مثال قرار دیا اور ماں اور بچے کی شرحِ اموات میں کمی کے لیے اپنے ادارے کے عزم کا اعادہ کیا۔انہوں نے کہا کہ مڈوائفز، زچگی کے فسٹولا کی روک تھام اور ماں و بچے کی صحت کے فروغ میں بنیادی کردار ادا کرتی ہیں۔ انہوں نے طالبات کو نصیحت کی کہ وہ صبر، نظم و ضبط اور محنت کو اپنا شعار بنائیں، علم حاصل کریں اور خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے خدمات انجام دیں۔
ڈائریکٹر جنرل نرسنگ طاہرہ پروین نے مڈوائفری پروگرام اور شعبۂ صحت میں مڈوائفزکے کردار پر بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ مریضوں کے بڑھتے ہوئے بوجھ پر قابو پانے اور ماں اور بچے کی شرحِ اموات میں کمی کے لیے مزید مڈوائفز کی ضرورت ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ پنجاب میں جلد ہی مزید نئے مڈوائفری کالجز کا افتتاح کیا جائے گا۔
تقریب کے دوران مڈوائفز کے کردار اور اہمیت کو اجاگر کرنے کے لیے ایک آگاہی فلم بھی دکھائی گئی۔ بعد ازاں پرنسپل نرسنگ کالج نے نئی  طالبات سے حلف لیا۔
تقریب کے اختتام پر معزز مہمانوں میں یادگاری شیلڈز تقسیم کی گئیں اور ان کی خدمات اور تعاون کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا ۔
چار سالہ مڈوائفری ڈگری پروگرام کا افتتاح پنجاب میں ماں اور بچے کی صحت کے نظام کو مضبوط بنانے اور معیاری مڈوائفری کی تعلیم کے فروغ کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے، جو فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی ، حکومتِ پنجاب اور UNFPAکے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتا ہے۔