ویب ڈیسک: سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی ممکنہ دوسری مدت صدارت کے اختتام تک جدید دفاعی نظام ’گولڈن ڈوم‘ کو مکمل طور پر فعال کرنے کے منصوبے کا اعلان کر دیا ، یہ نظام زمین، فضا اور خلا سے داغے گئے میزائل حملوں کو ناکام بنانے کی صلاحیت رکھے گا۔
میڈیا سے گفتگو میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ امریکا کی ٹیکنالوجی اسرائیل سے بھی جدید ہے اور یہ نظام امریکی سرزمین کو کسی بھی قسم کے میزائل حملے سے محفوظ بنائے گا۔گولڈن ڈوم دفاعی نظام پر 175 ارب ڈالر خرچ ہوں گے، دفاعی بل میں گولڈن ڈوم کیلئے 25 ارب ڈالر شامل ہوں گے، دفاعی نظام کیلئے ہر چیز امریکا میں بنائی جائے گی، سپیس آپریشنز کے نائب سربراہ جنرل مائیکل اس منصوبے کی قیادت کریں گے۔
امریکی صدر نے بتایا کہ گولڈن ڈوم دفاعی نظام کے کچھ حصے زمین کے گرد مدار میں بھی ہوں گے، اس نظام میں سیٹیلائیٹ ٹریکنگ اور سپیس انٹرسیپٹرز بھی شامل ہوں گے، گولڈن ڈوم دفاعی نظام خلاسے داغے گئے میزائلوں کو بھی مارگرانے کے قابل ہوگا۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ کینیڈا گولڈن ڈوم میزائل دفاعی نظام کا حصہ بننا چاہتا ہے اور امریکا اس حوالے سے کینیڈا کی مدد بھی کرے گا۔
دوسری جانب امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون کے سربراہ نے بتایا کہ گولڈن ڈوم کا مقصد کروز، بیلسٹک، ہائپرسونک میزائلوں سے وطن کی حفاظت کرنا ہے چاہے وہ روایتی ہوں یا جوہری۔