مریم نواز سے متعلق نامناسب بیان پر عمران خان سے معافی کا مطالبہ

مریم نواز سے متعلق نامناسب بیان پر عمران خان سے معافی کا مطالبہ
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(مانیٹرنگ ڈیسک) ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان نے مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز سے متعلق نامناسب بیان پر چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سے معافی مانگنے کا مطالبہ کردیا۔

گزشتہ روز چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے ملتان میں جلسے سے خطاب کے دوران جہاں حکومت اور مسلم لیگ ن کی قیادت کو آڑے ہاتھوں لیا وہیں انہوں نے مریم نواز کو نام لیکر تنقید کا نشانہ بنایا۔عمران خان کا کہنا تھا کہ مریم نواز  بار بار میرا نام لیتی ہو، اتنے جوش اور ولولے سے میرا نام نہ لیا کرو، یہ نہ ہو کہ تمھارا شوہر ناراض ہو جائے۔

سیاسی و سماجی حلقوں میں چیئرمین تحریک انصاف کے اس بیان کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے اور اس حوالے سے اب ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان کا ردعمل بھی سامنے آگیا۔

ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان  (ایچ آر سی پی) کی جانب سے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا گیا کہ عمران خان ایک قومی لیڈر ہیں، انہیں اپنے سیاسی مخالفین سے بات چیت کرنے کا سبق سیکھنا چاہیے، انہیں ناصرف مریم نواز بلکہ تمام خواتین سے معافی مانگنی چاہیے۔

ایچ آر سی پی کی جانب سے جاری بیان میں مزید کہا گیا کہ  عمران خان کے ریمارکس معاشرے میں خواتین سے متعلق بدگمانیوں کو ظاہر کرتے ہیں، یہ بات ناقابل قبول ہے کہ سیاسی نظریے کے لیے سخت ناقابل قبول  قسم کے ریمارکس استعمال کیے جائیں۔