ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

بھارت؛ امبانی خاندان کی شادیوں سے بھی مہنگی ترین شادی

بھارت؛ امبانی خاندان کی شادیوں سے بھی مہنگی ترین شادی
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

سٹی42: بھارت میں ہونے والی شادیاں اکثر موضوع بحث ہوتی ہیں اور سوشل میڈیا پر  ان منفرد رسومات کی ویڈیوز بھی اپلوڈ کی جاتی ہیں جس میں مضحکہ خیزواقعات شامل ہوتے ہیں، سوشل میڈیا پر آج کل ایک مہنگی مہنگی شادی کا چرچہ ہورہا ہے، شادی میں 17 کروڑ روپے کی ساڑھی، 90 کروڑ روپے کے زیورات سمیت دیگر اخراجات کے لیے 500 کروڑ روپے کا بجٹ رکھا گیا۔

 بھارت میں سابق کرناٹک کے وزیر جناردھن ریڈی کی بیٹی کی شادی کومہنگی شادی قرار دیا جا رہا ہے،  16 نومبر 2016ء میں ہوئی یہ شادی 500 کروڑ روپے کے بجٹ سے منعقد کی گئی تھی جس میں 50,000 سے زائد مہمانوں نے شرکت کی، اس یادگار تقریب کو 5 دن تک جاری رکھا۔

 مہمانوں کی میزبانی کے لیے بنگلور کے فائیو سٹار اور تھری سٹار ہوٹلز میں 1,500 کمرے بک کیے گئے، شادی کا مقام وجے نگر سلطنت کے مندروں کی طرز پر بنایا گیا، جس کے لیے بالی ووڈ کے معروف آرٹ ڈائریکٹرز کی خدمات لی گئیں، کھانے کے ہال کو بیلاری گاؤں کی طرز پر ڈیزائن کیا گیا تاکہ اسے ایک روایتی انداز دیا جا سکے۔

 دلہن برہمانی کی دلکشی تقریب میں سب کی توجہ کا مرکز رہی، انہوں نے معروف ڈیزائنر نیتا لُلا کی تیار کردہ سرخ ساڑھی زیب تن کی، جس کی مالیت 17 کروڑ روپے بتائی جاتی ہے، اس ساڑھی پر سونے کے دھاگوں سے کڑھائی کی گئی تھی۔

 ان کے زیورات بھی بے حد قیمتی تھے جن کی کل مالیت 90 کروڑ روپے تھی، جبکہ میک اپ پر 30 لاکھ روپے خرچ ہوئے۔

 تقریب میں 40 بیل گاڑیاں مہمانوں کو پنڈال تک پہنچانے کے لیے مختص تھیں، 2,000 ٹیکسیاں اور 15 ہیلی کاپٹرز وی آئی پی مہمانوں کے لیے تھے، کھانے میں شاہی پکوان، خصوصی تھالی میں 16 اقسام کی مہنگی مٹھائیاں، جس کی فی پلیٹ لاگت 3,000 روپے تھی۔

 یہ شادی جتنی شاندار تھی اتنی ہی تنقید کا شکار بھی ہوئی، جناردھن ریڈی بی جے پی حکومت میں وزیر رہ چکے ہیں، ان کو 500 کروڑ روپے کی فضول خرچی پر سخت تنقید کا سامنا کرنا پڑا، خاص طور پر اس وقت جب بھارت میں نوٹ بندی (Demonetization) کا دور چل رہا تھا۔ 

 سیاسی جماعتوں اور سماجی کارکنوں نے ان بے تحاشہ اخراجات پر سوالات اٹھائے اور ریڈی کی دولت کے ذرائع کی جانچ کا مطالبہ کیا۔

 حال ہی میں مکیش امبانی کے بیٹے اننت امبانی کی رادھیکا مرچنٹ سے شادی نے سب کی توجہ حاصل کر لی تھی، جس کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ یہ 600 ملین ڈالرز (تقریباً 5,000 کروڑ روپے) کی لاگت کی ایک نئی ریکارڈ ساز شادی تھی۔