سٹی 42: تمام مسلمان رمضان کے بابرکت مہینے کا بے تابی سے انتظار کر رہے ہیں کیونکہ اس مقدس ماہ کی عبادتوں سے ایک نیکی کے بدلے ہزار نیکیوں کا ثواب ملتا ہے، اس ماہ مبارک میں مسلمان خصوصی عبادت کا اہتمام کرتے ہیں جن میں نماز تراویح سمیت اعتکاف بھی شامل ہے۔
کویت کے ماہر فلکیات عادل المرزوق نے کہا ہے کہ شوال کا چاند یکم مئی کو نہیں دیکھا جاسکے گا کیونکہ یہ غروب آفتاب سے 17 منٹ پہلے غروب ہوجائے گا، اس لیے رمضان المبارک 30 دن کا ہوگا اور عیدالفطر 2 مئی کو ہوگی۔
عادل المرزوق نے اس بات پر زور دیا کہ اگر جائز نظریہ سے ثابت ہوجائے اور جو اعداد وشمار بیان کیے گئے ہیں تو سال 1443 کے رمضان المبارک کا آغاز ہفتہ 3 اپریل 2022 کوہوگا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ رمضان کے پہلے روزے کا دورانیہ 14 گھنٹے اور 53 منٹ ہوگا۔انہوں نے واضح کیا کہ رواں سال رمضان المبارک 30 روز پر مشتمل ہوگا لہذا کویت میں عیدالفطر 2 مئی 2022 بروز پیر کے دن ہوگی۔
دوسری جانب پاکستان میں ماہ رمضان المبارک کا آغاز 3 اپریل سے ہونے کا قوی امکان ہے، محکمہ موسمیات نے 29 شعبان بروز ہفتہ 2 اپریل کو رمضان المبارک کا چاند نظر آنے کی پیشگوئی کر دی۔
خیال رہے کہ ہجری، قمری یا اسلامی کیلنڈر مہینوں کے تعین کے لئے قمری چکر پر مبنی حساب کتاب رکھتا ہے۔بعض عرب ممالک جن میں سعودی عرب بھی شامل ہے، قمری کیلنڈر کو سرکاری کیلنڈر کے طور پر استعمال کرتے ہیں۔اسلامی کیلنڈر کا آغاز حضرت عمر فاروق کے دور سے ہوا تھا۔ انہوں نے 12 ربیع الاول بمطابق 24 ستمبر 622 سے قمری اسلامی سال کا آغاز ہجرت مدینہ سے کیا تھا۔