انور عباس: نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار نے قاہرہ میں آر-4 ممالک کے اجلاس کے موقع پر مصری وزیر خارجہ ڈاکٹر بدر عبدالعاطی سے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات اور باہمی تعاون کے مختلف شعبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان اور مصر کے تعلقات میں ہونے والی مثبت پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے سیاسی، اقتصادی، دفاعی، صحت، فارماسیوٹیکل اور کثیرالجہتی شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔
ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعاون کے فروغ کے لیے موجودہ ادارہ جاتی میکنزم کو مزید فعال اور مؤثر بنانے پر بھی اتفاق کیا۔
اسحاق ڈار اور ڈاکٹر بدر عبدالعاطی نے مشرق وسطیٰ کی صورتحال سمیت اہم علاقائی اور عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان اور مصر نے حالیہ امن معاہدے کا خیرمقدم کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اس پر مؤثر عملدرآمد سے خطے میں دیرپا امن، استحکام اور خوشحالی کو فروغ ملے گا۔
ملاقات میں دونوں ممالک نے برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔