کلیم اختر: فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے مالی سال 2025-26 کے اختتامی دنوں میں ٹیکس وصولیوں کے اہداف حاصل کرنے کے لیے خصوصی انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔ اس سلسلے میں تمام لارج ٹیکس آفسز، میڈیم ٹیکس آفسز، کارپوریٹ ٹیکس آفسز اور ریجنل ٹیکس آفسز کو خصوصی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔
ایف بی آر کے مطابق 27 اور 28 جون کو تمام ان لینڈ ریونیو دفاتر معمول کے مطابق کھلے رہیں گے، جبکہ ہفتہ اور اتوار کے روز بھی ٹیکس وصولیوں کے لیے معمول کے اوقات کار برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
محصولات کی بروقت وصولی یقینی بنانے کے لیے جاری کردہ شیڈول کے تحت 29 جون بروز پیر تمام ٹیکس دفاتر رات 8 بجے تک کھلے رہیں گے، جبکہ 30 جون کو مالی سال کے آخری روز دفاتر آدھی رات تک کام جاری رکھیں گے۔
ایف بی آر نے ہدایت کی ہے کہ چیف کمشنرز ان لینڈ ریونیو ٹیکس وصولیوں کے عمل کی مؤثر نگرانی کریں، جبکہ ٹیکس دہندگان کو واجب الادا ٹیکسز اور ڈیوٹیز جمع کروانے کے لیے ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے۔
حکام کے مطابق مالی سال کے آخری روز ٹیکس وصولیوں کے عمل کو تیز بنانے کے لیے خصوصی ڈیسک بھی فعال رہیں گے تاکہ محصولات کے مقررہ اہداف حاصل کیے جا سکیں۔