کلیم اختر: شہریوں کی شکایات کے فوری ازالے کے لیے نادرا کا جدید نظام مؤثر ثابت ہونے لگا ہے، جہاں صرف 15 روز کے دوران موصول ہونے والی 98.55 فیصد شکایات مقررہ وقت کے اندر نمٹا دی گئیں۔
اعداد و شمار کے مطابق نادرا کو ملک بھر سے مجموعی طور پر 42 ہزار 854 شکایات موصول ہوئیں، جن میں شناختی دستاویزات، بائیو میٹرک تصدیق، رجسٹریشن اور دیگر خدمات سے متعلق مسائل شامل تھے۔
نادرا نے 42 ہزار 233 شکایات کو 72 گھنٹے کے مقررہ ٹائم فریم کے اندر حل کیا، جس کے باعث ادارے کی کسٹمر سروسز اور شکایات کے ازالے کے نظام کی مجموعی کارکردگی 98 فیصد سے تجاوز کر گئی۔
رپورٹ کے مطابق صرف 621 شکایات، یعنی 1.45 فیصد کیسز، تاحال زیر کارروائی ہیں جن پر متعلقہ دفاتر میں کام جاری ہے۔ حکام نے ان شکایات کے جلد از جلد حل کے لیے ضروری ہدایات بھی جاری کر دی ہیں۔
نادرا کا کہنا ہے کہ جدید ڈیجیٹل نظام، مؤثر مانیٹرنگ اور بروقت فالو اپ کے باعث شکایات کے حل کی رفتار میں نمایاں بہتری آئی ہے، جس سے شہریوں کو خدمات کی فراہمی مزید آسان اور مؤثر بنائی جا رہی ہے۔