عثمان خادم:شہر کی مارکیٹوں میں اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کا سلسلہ جاری ہے۔ بعض ضروری اشیاء کی قیمتوں میں کمی دیکھنے میں آئی ہے جبکہ آٹے کی قیمت میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس سے صارفین کی مشکلات برقرار ہیں۔
مارکیٹ سروے کے مطابق دال ماش کی قیمت 520 روپے فی کلو سے کم ہو کر 420 روپے فی کلو تک آ گئی ہے، جبکہ دال چنا 280 روپے سے کم ہو کر 220 روپے فی کلو میں فروخت ہو رہی ہے۔ اسی طرح کالے چنوں کی قیمت میں بھی کمی ریکارڈ کی گئی ہے اور یہ 280 روپے کے بجائے 220 روپے فی کلو دستیاب ہیں۔
دوسری جانب آٹے کی قیمت میں بڑا اضافہ سامنے آیا ہے۔ 20 کلو آٹے کا تھیلا، جو پہلے 1810 روپے میں فروخت ہو رہا تھا، اب بڑھ کر 2200 روپے تک پہنچ گیا ہے۔ قیمتوں میں اس اضافے نے عوامی تشویش میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔
چاول کی قیمت 310 روپے فی کلو پر برقرار ہے، جبکہ گھی اور کوکنگ آئل کی قیمتوں میں بھی کوئی نمایاں تبدیلی نہیں دیکھی گئی۔ مارکیٹ میں درجہ اول کوکنگ آئل 610 روپے فی لٹر اور درجہ دوم 540 روپے فی لٹر میں فروخت کیا جا رہا ہے۔
تاجروں کا کہنا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ کمی کے اثرات آنے والے دنوں میں دیگر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر بھی مرتب ہوں گے، جس سے مہنگائی میں کمی اور صارفین کو کچھ ریلیف ملنے کی توقع ہے۔
شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت اشیائے خوردونوش کی قیمتوں کو مستحکم رکھنے کے لیے مؤثر اقدامات کرے تاکہ عوام کو مہنگائی کے بوجھ سے نجات مل سکے۔