علی ساہی:عشرۂ محرم الحرام کے سلسلے میں لاہور سمیت پنجاب بھر میں سکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کیے گئے ہیں، جبکہ امن و امان برقرار رکھنے کے لیے پولیس کو ہائی الرٹ رکھا گیا ہے۔
ترجمان کے مطابق صوبہ بھر میں آج 559 عزاداری جلوس اور 3967 مجالس منعقد ہو رہی ہیں، جن کی سکیورٹی کے لیے 40 ہزار سے زائد پولیس افسران اور اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔ لاہور میں آج 42 عزاداری جلوس برآمد ہوں گے جبکہ 420 مجالس منعقد کی جا رہی ہیں۔
مزید بتایا گیا ہے کہ صوبے بھر میں سکیورٹی انتظامات میں معاونت کے لیے 21 ہزار سے زائد کمیونٹی رضاکار بھی خدمات انجام دے رہے ہیں۔
آئی جی پنجاب عبدالکریم نے کہا ہے کہ عشرۂ محرم الحرام کے دوران صوبہ بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ رہے گی اور حکومت پنجاب کی جانب سے نافذ دفعہ 144 پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔
انہوں نے واضح کیا کہ ہوائی فائرنگ، اسلحے کی نمائش اور نفرت انگیز مواد کی تشہیر پر پابندی برقرار رہے گی جبکہ طے شدہ روٹس اور مقامات کے علاوہ کسی بھی جگہ جلوس یا مجلس کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
آئی جی پنجاب کے مطابق سیف سٹیز اور ضلعی انتظامیہ کے کیمروں کے ذریعے مسلسل مانیٹرنگ کی جائے گی جبکہ لاؤڈ اسپیکر ایکٹ پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔
انہوں نے سوشل میڈیا پر نفرت انگیز مواد پھیلانے والوں کے خلاف بھی مؤثر کارروائی کی ہدایت کی۔