(حافظ شہباز علی) سابق مسٹر ایشیا یحیٰ بٹ کورونا وائرس سے صحت یاب ہونے کے بعد گھر منتقل ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق سابق مسٹر ایشیا یحیٰ بٹ تین ہفتے قبل کورونا وائرس کا شکار ہوئے تھے جس کے بعد وہ ہسپتال میں زیر علاج رہے۔ یحیٰ بٹ نے صحت یابی پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مشکل گھڑی میں صحت یابی کے لئے دعائیں کرنے والے دوست احباب کا شکر گزار ہوں، خاص طور پر اس مشکل گھڑی میں یاد رکھنے پر پی او اے، پنجاب اولمپک کے سیکرٹری ، صوبائی وزیر کھیل اور سپورٹس بورڈ پنجاب کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔لوگوں سے اپیل اور گزارش ہے کہ وہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
دوسری جانب ملک میں کورونا سے مزید 65 افراد انتقال کر گئے جس کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 3501 ہوگئی جب کہ نئے کیسز سامنے آنے کے بعد مریضوں کی تعداد 176617 تک پہنچ گئی ہے۔ اب تک پنجاب میں کورونا سے 1407اور سندھ میں 1048افراد انتقال کرچکے ہیں جب کہ خیبر پختونخوا میں 808 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔ اس کے علاوہ بلوچستان میں 100، اسلام آباد میں 98، گلگت بلتستان میں 21 اور آزاد کشمیر میں مہلک وائرس سے 19 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔