ملک ناصر عبّاس :پنڈی بھٹیاں میں دریائے چناب کے پتن والا مقام پر پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ ہونے لگا، جس کے باعث قریبی آبادیوں میں سیلابی پانی داخل ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔
ضلعی انتظامیہ نے صورتحال کے پیش نظر حفاظتی اقدامات تیز کر دیے ہیں۔
ریسکیو حکام کے مطابق دریائے چناب میں پانی کی صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے، جبکہ ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو ادارے ہائی الرٹ ہیں۔ ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ٹیمیں اور ضروری مشینری تیار رکھی گئی ہے۔
انتظامیہ کی جانب سے متاثرہ علاقوں کے لیے دو روزہ ریلیف کیمپ قائم کرنے کے انتظامات بھی شروع کر دیے گئے ہیں۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ دریائے چناب اور نشیبی علاقوں سے دور رہیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں متعلقہ اداروں سے رابطہ کریں۔
حکام کا کہنا ہے کہ پانی کی سطح میں اضافے کے باعث تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں جبکہ صورتحال کی مسلسل مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔