سید نعمان شاہ : مانسہرہ کے سیاحتی مقام ناران میں جھیل سیف الملوک جانے والے سیاحوں پر عارضی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
پولیس کے مطابق تیز بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ کے خدشات کے پیش نظر جھیل روڈ کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ڈپٹی کمشنر مانسہرہ کی ہدایت پر حفاظتی اقدامات کے تحت جھیل سیف الملوک روڈ بند کیا گیا، جبکہ موسم کی صورتحال بہتر ہونے کے بعد ہی سڑک کو دوبارہ سیاحوں کے لیے کھولا جائے گا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز کلاؤڈ برسٹ اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث جھیل سیف الملوک روڈ کا ایک حصہ بہہ گیا تھا، جس کے نتیجے میں ہزاروں سیاح راستے میں پھنس گئے تھے۔ پولیس اور ضلعی انتظامیہ نے کارروائی کرتے ہوئے تمام سیاحوں کو رات گئے بحفاظت ناران منتقل کر دیا تھا۔
پولیس نے شہریوں اور سیاحوں کو ہدایت کی ہے کہ موسم کی صورتحال بہتر ہونے تک بالائی علاقوں کے غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کریں۔