سرکاری کالجوں کے اساتذہ کیلئے خوشخبری

سرکاری کالجوں کے اساتذہ کیلئے خوشخبری
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

اکمل سومرو: محکمہ ہائیر ایجوکیشن نے حکومتی پالیسی کے تحت سرکاری کالجوں کے اساتذہ کو ایم فل پی ایچ ڈی الاؤنس جاری کرنے کی منظوری دے دی، الاؤنس کو تنخواہوں میں شامل کرنے کے احکامات بھی جاری کر دیے گئے ہیں۔

 تفصیلات کے مطابق محکمہ ہائیر ایجوکیشن نے کالجوں میں تعینات اساتذہ کی ڈگریوں کی تصدیق کے بعد انھیں الاؤنس جاری کیے ہیں، حکومتی پالیسی کے تحت ایم فل ڈگری پر پانچ ہزار روپے جبکہ پی ایچ ڈی ڈگری پر دس ہزار روپے الاؤنس دیا جائے گا۔ 

محکمہ نے 2018ءسے 2020ء تک ایم فل اور پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کرنے والے اساتذہ کو الاؤنس دینے کی منظوری دی ہے، محکمہ ہائیر ایجوکیشن نے واضح کیا ہے کہ جن اساتذہ کے پاس ایم فل اور پی ایچ ڈی کی ڈگریاں ہیں وہ الاؤنس کے حصول کیلئے ڈائیریکٹر کالجز کے ذریعے سے اپنے کیسز محکمہ کو ارسال کریں تاکہ انھیں الاؤنس دیے جا سکیں۔

 دوسری جانب  ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی لاہور نے ڈرائنگ، عربی اور فزیکل ٹیچرز کی سینکڑوں آسامیاں ختم کر دیں،ذرائع کے مطابق مذکورہ آسامیاں ختم ہونے سے سکولوں میں طلبا کو ڈرائنگ، عربی اور فزیکل کے ماہر اساتذہ دستیاب نہیں ہونگے، آسامیاں ختم کرنے سے مذکورہ آسامیوں پر اساتذہ کی بھرتی نہیں ہوسکے گی۔

ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی لاہور نے سیٹوں کی کمی کو پورا کرنے کیلئے سینکڑوں آسامیاں کو آرٹس سے سائنس میں تبدیل کردیا ہے، تبدیل ہونے والی آسامیوں میں پی ایس ٹی، ای ایس ٹی اور ایس ایس ٹی کی آسامیاں شامل ہیں، آسامیاں تبدیل ہونے سے آئندہ اساتذہ کی بھرتی گریڈ چودہ، پندرہ اور سولہ میں کی جائے گی۔

Shazia Bashir

Content Writer