اویس کیانی: وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی سے پاکستان مسلم لیگ (قائد اعظم)، متحدہ قومی موومنٹ اور بلوچستان عوامی پارٹی کے وفاقی وزراء نے اہم ملاقات کی، جس کے دوران ملک کی مجموعی صورتحال، داخلی سلامتی اور موجودہ سیاسی حالات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیرداخلہ محسن نقوی نے تینوں جماعتوں کے رہنماؤں کو خیبر پختونخوا اور بلوچستان کی سکیورٹی صورتحال پر بریفنگ دیتے ہوئے قیامِ امن کے لیے کیے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا۔ اس کے علاوہ وزیرداخلہ نے دہشت گردی کے خاتمے اور امن و امان کے قیام کے لیے حکومتی حکمت عملی پر بھی روشنی ڈالی۔
اس موقع پر تینوں جماعتوں کے رہنماؤں نے قیامِ امن کے لیے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی مخلصانہ کاوشوں کو سراہتے ہوئے سکیورٹی فورسز کی دلیرانہ کارروائیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔ اُن کا کہنا تھا کہ ان کی جماعتیں پاکستان میں دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہیں اور ہمیشہ ساتھ کھڑی رہیں گی۔
وفاقی وزراء نے فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کے خلاف کارروائیوں میں جامِ شہادت نوش کرنے والے سکیورٹی اہلکاروں کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ شہداء کے خاندانوں کے ساتھ ہر سطح پر کھڑے رہیں گے۔ اس کے علاوہ قیامِ امن اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے مشترکہ طور پر مل کر آگے بڑھنے کے عزم کا بھی اعادہ کیا گیا۔
وفاقی وزراء میں مسلم لیگ (ق) کے چوہدری سالک حسین، ایم کیو ایم کے خالد مقبول صدیقی اور بلوچستان عوامی پارٹی کے خالد مگسی شامل تھے۔