وسیم احمد:آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں اپنے دوسرے میچ میں روانگی کیلئے قومی کرکٹر امام الحق کو دبئی کا ویزہ جاری کر دیا گیا ہے۔
قومی کرکٹر امام الحق آج دوپہر 1 بجے ائیربلیو کی پرواز PA410 کے ذریعے دبئی روانہ ہوں گے۔
ذرائع کے مطابق امام الحق گزشتہ رات کراچی سے لاہور پہنچے تھے۔امام الحق کو چیمپئنز ٹرافی کے لیے فخر زمان کے متبادل کے طور پر قومی اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے۔
پاکستانی کرکٹ ٹیم کراچی سے دبئی روانہ ہوئی ہے، ٹیم آج آرام اور کل ٹریننگ سیشن میں حصہ لے گی، چیمپئنز ٹرافی کا سب سے بڑا مقابلہ پاک بھارت ٹاکرا 23 فروری کو دبئی میں کھیلا جائے گا۔
دوسری جانب بھارت اور بنگلا دیش کی ٹیمیں آج دبئی میں آمنے سامنے ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز چیمپئنز ٹرافی کے پہلے میچ میں نیوزی لینڈ نے دفاعی چیمپئن اور ایونٹ کی میزبان پاکستان ٹیم کو 60 رنز سے شکست دی تھی۔