ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

 منگنی ٹوٹنے پر تحائف کی واپسی کا مطالبہ، چین میں انوکھا مقدمہ

 منگنی ٹوٹنے پر تحائف کی واپسی کا مطالبہ، چین میں انوکھا مقدمہ
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

 ویب ڈیسک :ساؤتھ چائنہ مارننگ پوسٹ کے مطابق چین میں ایک انوکھا مقدمہ سامنے آیا ہے، جہاں ہی نامی شہری نے اپنی منگیتر وانگ کے خلاف عدالت سے رجوع کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ منگنی کے دوران اس پر خرچ کی گئی رقم واپس دلائی جائے۔

 درخواست گزار ہی نے مقدمے میں موقف اختیار کیا ہے کہ اس کی منگیتر وانگ زیادہ کھانا کھاتی تھی اس وجہ سے وہ اپنی منگیتر سے ناخوش تھا۔

رپورٹ کے مطابق جوڑے کی ملاقات رشتے کروانے والے شخص کے ذریعے ہوئی، دونوں ہی اور وانگ نے ایک دوسرے کو پسند کیا، یوں بات آگے بڑھی اور منگنی ہوگئی۔

ہی کے خاندان نے مقامی روایت کے تحت وانگ کے خاندان کو 20 ہزار یوان بطور منگنی کی رقم ادا کیے، بعدازاں خاندانی کاروبار سنبھالنے کے لیے یہ جوڑا شمالی چین کے صوبے ہیبی منتقل ہو گیا جہاں ہی کے خاندان کا مالاٹانگ ریستوران کا کاروبار تھا۔

مالاٹانگ چین کا مشہور سٹریٹ فوڈ ہے جس میں گوشت، سبزیاں اور نوڈلز وغیرہ شامل ہوتے ہیں، وانگ نے چھ ماہ تک اس ریستوران میں کام کیا اور کاروبار میں مدد کی، تاہم کچھ عرصے بعد ہی اس سے ناخوش ہو گیا۔

ہی نے مقامی ٹی وی کو بتایا کہ ریستوران منتقل ہونے کے بعد وانگ بدل گئی تھی، وہ صرف آسان کام کرتی تھی اور روازنہ گاہکوں کے لیے پکا ہوا کھانا کھا جایا کرتی تھی، جس کی وجہ سے کاروبار متاثر ہوا اور میرا خاندان بھی۔

کھانے کے معاملے میں دونوں کے درمیان تناؤ اس قدر بڑھا کہ نوبت رشتہ ختم ہونے تک پہنچ گئی، اس کے بعد ہی نے منگنی کے وقت وانگ کے خاندان کو ادا کی گئی رقم اور ریلیشن شپ کے دوران وانگ پر کیے گئے اخراجات کے حصول کے لیے عدالت سے رجوع کیا۔

ہی نے عدالت سے درخواست کی کہ وانگ نہ صرف منگنی کی رقم واپس کرے بلکہ وہ 30 ہزار یوان بھی لوٹائے جو اس نے ساتھ رہنے کے دوران اس پر خرچ کیے تھے، ان اخراجات میں کپڑے اور دیگر ذاتی اشیا شامل تھیں۔

عدالت میں وانگ کا کہنا تھا کہ میں اس کی گرل فرینڈ تھی، کوئی ملازمہ نہیں اور ریلیشن شپ کے دوران دیے گئے تحائف واپس نہیں لیے جاتے، عدالت نے وانگ سے اتفاق کیا اور کہا کہ وانگ پر ہی کی جانب سے کیے گئے ذاتی نوعیت کے اخراجات واپس نہیں کیے جائیں گے۔

عدالت کی جانب سے صرف منگنی کی رقم کا آدھا حصہ واپس کرنے کا حکم دیا گیا کیونکہ وانگ اور ہی کی تاحال شادی نہیں ہوئی تھی۔