ویب ڈیسک: جوئے کی ایپس کی پروموشن کے الزام میں یوٹیوبر سعد الرحمٰن عرف ڈکی بھائی اور دیگر کے خلاف درج مقدمے کی سماعت کے دوران فردِ جرم عائد نہ ہو سکی۔
ضلع کچہری لاہور میں کیس کی سماعت جوڈیشل مجسٹریٹ نعیم وٹو نے کی۔سماعت کے موقع پر سعد الرحمٰن عرف ڈکی بھائی اور ان کی اہلیہ عدالت میں پیش ہوئے اور اپنی حاضری مکمل کروائی۔ تاہم شریک ملزم سبحان احمد کی عدم دستیابی کے باعث عدالت فردِ جرم عائد کرنے کی کارروائی مکمل نہ کر سکی۔
عدالت نے مقدمے کی مزید سماعت 4 جنوری تک ملتوی کر دی ہے۔
یاد رہے کہ نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے سعد الرحمٰن عرف ڈکی بھائی اور دیگر کے خلاف مبینہ طور پر آن لائن جوئے کی ایپس کی تشہیر اور پروموشن کے الزامات پر مقدمہ درج کر رکھا ہے۔
این سی سی آئی اے کے مطابق ملزمان سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعے جوئے کی ایپس کی تشہیر کر کے نوجوانوں کو غیر قانونی سرگرمیوں کی طرف راغب کر رہے تھے۔
قانونی ماہرین کے مطابق آن لائن جوئے کی تشہیر پاکستان کے سائبر قوانین اور پیکا ایکٹ کے تحت قابلِ تعزیر جرم ہے، جبکہ عدالت میں فردِ جرم عائد ہونے کے بعد مقدمے کا باقاعدہ ٹرائل شروع کیا جاتا ہے۔