( سعید احمد سعید ) عالمی وبا کورونا وائرس میں اضافہ، سعودی حکومت نے بین الاقوامی پروازوں پر دوبارہ پابندی لگا دی، پاکستان سمیت تمام ممالک کی بین الاقوامی پروازوں پر ایک ہفتے کی پابندی عائد، پابندی لگنے سے بین الاقوامی عمرہ آپریشن پھر متاثر ہوگیا۔
سعودی سول ایوی ایشن کی جانب سے بین الاقوامی پروازوں پر پابندی کے حوالے سے نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق کورونا کی صورتحال کے پیش نظر پابندی میں اضافہ متوقع ہے، اس حوالے سے پاکستان سمیت تمام ممالک کی ائیر لائینز کو آگاہ کر دیا گیا ہے، پابندی کا اطلاق کارگو فلائیٹس پر نہیں ہوگا۔ کورونا وائرس کی موجودہ صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے پابندی ختم کی جائے گی۔
پی آئی اے کی ہدایات کی روشنی میں پیر 21 دسمبر کی پروازیں منسوخ کردی گئیں، پی آئی اے کی لاہور سے جدہ جانے اور آنیوالی، لاہور سے دمام جانے اور آنیوالی اور لاہور تا مدینہ پروازیں منسوخ کردی گئیں ہیں۔ پاکستان سے عمرہ آپریشن بھی معطل ہو گیا ہے۔
ترجمان پی آئی اے کے مطابق جب تک پروازوں کا اجازت نامہ دوبارہ حاصل نہیں ہوتا پروازیں منسوخ رہیں گی، تمام متاثرہ مسافروں کو پروازیں بحال ہوتے ہی ایڈجسٹ کیا جائے گا۔