(عمر اسلم ) وزیر اعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف کے دل کی بات زبان پر آگئی ، 2018 میں وزیراعظم بننے کی خواہش کا اظہار کر دیا۔کہتے ہیں آئندہ حکومت ملی تو ہر شہری کو پینے کا صاف پانی پہنچائیں گے، شہر میں 2.3 ارب کی گرانٹ سے 105 ٹیوب لگائے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ماڈل ٹاؤن میں منعقدہ تقریب کے موقع پر وزیر اعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف نے جاپان کے سفیر مسٹر تاکشائی کا جائیکا کے تعاون سے ٹیوب ویل لگانے پر شکریہ ادا کیا، انہوں نے مشرف دور میں لگائے جانے والے منصوبوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ماضی کے حکمرانوں نے ملک کو لوٹا، مشرف دور میں چنیوٹ کا خزانہ بغیر بڈنگ کے دے دیا گیا، ہائی کورٹ سے کیس جیتا لیکن آج تک نیب نے کوئی کارروائی نہیں کی، ای او بی آئی سکینڈل میں قوم کے اربوں روپے لوٹے گئے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ہم نے بغیر قرضہ لئے ملتان راولپنڈی میٹرو بس بنائی ہے، کمیشن لینے کا الزام غلط ہے، نیب شوق سے تحقیقات کرے دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوجائے گا، عمران خان جس میٹرو منصوبے پر تنقید کرتے تھے آج اپنے صوبہ میں وہی میٹرو بس ایشین بینک سے قرضہ لیکر بنا رہے ہیں۔
سٹی 42 کے رپورٹر نے شہباز شریف سے سوال کیا کہ نواز شریف کا کہنا ہے 2018 میں پاکستان کے نئے وزیراعظم شہباز شریف ہوں گے جس پر جواب دیتے ہوئےوزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا" اللہ آپ کی زبان مبارک کرے"۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ نون کی حکومت نے عوام کی خدمت کی ہے اور چینی حکومت نے مجھ پر الزام لگانے والی کمپنی کو بھی بلیک لسٹ کر دیا ہے، ترقیاتی منصوبوں میں قوم کے اربوں روپے بچائے ہیں۔
اس موقع پر صوبائی وزراء میاں مجتبیٰ شجاع الرحمن، ملک ندیم کامران،، خواجہ عمران نذیر، ترجمان حکومت پنجاب ملک احمد خان، خواجہ احمد حسان اور لارڈ میئر کرنل ریٹائرڈ مبشر جاوید بھی موجود تھے۔
مزید جاننے کیلئے ویڈیو دیکھیں