وقاص احمد:اسلام پورہ کے علاقے میں مبینہ پولیس مقابلے کے دوران فائرنگ کے بعد ایک ملزم اپنے ہی ساتھی کی گولی لگنے سے زخمی حالت میں گرفتار ہوگیا، جبکہ دوسرا ملزم فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا ہے۔
پولیس کے مطابق اسلام پورہ پولیس نے دو موٹر سائیکل سواروں کو رکنے کا اشارہ کیا تو ملزمان نے موٹر سائیکل واپس موڑتے ہوئے پولیس پر فائرنگ کردی اور تیز رفتاری سے فرار ہونے کی کوشش کی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہونے والے ملزمان تیز رفتاری کے باعث دیوار سے ٹکرا کر گر گئے۔ اسی دوران ایک ملزم موقع سے فرار ہوگیا، جبکہ دوسرا اپنے ہی ساتھی کی فائرنگ سے زخمی ہوگیا جسے پولیس نے حراست میں لے لیا۔
زخمی ملزم کی شناخت شہباز کے نام سے ہوئی ہے، جو ریکارڈ یافتہ ملزم بتایا گیا ہے۔ پولیس نے ملزم کے قبضے سے چوری شدہ موٹر سائیکل بھی برآمد کرلی۔
زخمی ملزم کو طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کردیا گیا، جبکہ فرار ہونے والے ملزم کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔