سٹی 42 : وفاقی حکومت نے متعدد سول و پولیس افسران کے تقرر و تبادلوں کے احکامات جاری کردیے۔
اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے تقرر و تبادلوں کے باضابطہ نوٹیفیکشن جاری کر دیئے ہیں، جس کے مطابق پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس، گریڈ 21 کی ایڈیشنل سیکریٹری ایوانِ صدر ارم بخاری کا تبادلہ کر کے اُن کی خدمات نیشنل سکول آف پبلک پالیسی لاہور کے سپرد کی گئی ہیں جبکہ جوائنٹ سیکریٹری، نیشنل سیکیورٹی ڈویژن ندیم الرحمان کا تبادلہ کر کے اُنہیں جوائنٹ سیکریٹری صنعت و پیداوار ڈویژن تعینات کیا گیا ہے۔
علاوہ ازیں سینئر جوائنٹ سیکریٹری قانون و انصاف ڈویژن محمد اعجاز غنی کا تبادلہ کر کے اُنہیں اسٹیبلشمنٹ ڈویژن رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ تقرر کے منتظر شہزاد نواز چیمہ جوائنٹ سیکریٹری قانون و انصاف ڈویژن اور تقرر کے منتظر عبدالجبار چیف، قومی کمیشن برائے وقارِ نسواں تعینات کئے گئے ہیں۔
مزید برآں جوائنٹ سیکریٹری صنعت و پیداوار ڈویژن ذوالفقار حسین کی خدمات پاکستان پوسٹ آفس ڈیپارٹمنٹ کو واپس کی گئی ہیں۔
دریں اثناء پولیس سروس گریڈ 18 کے مرزا بلال حسن کا فیڈرل کانسٹیبلری سے پنجاب حکومت تبادلہ کیا گیا ہے اور تقرر کے منتظر خرم حمید پراچہ کو سیکشن افسر کابینہ ڈویژن اور اسسٹنٹ ایجوکیشنل ایڈوائزر، کابینہ ڈویژن ظہیر اقبال کو تبدیل کر کے سیکشن افسر کابینہ ڈویژن تعینات کیا گیا ہے جبکہ سیکشن افسر شعیب احمد کا اسٹیبلشمنٹ ڈویژن سے بحری امور ڈویژن تبادلہ منسوخ کیا گیا ہے۔