ابراہیم قریشی:: پاکستان سپر لیگ سیزن 11 کے 30ویں میچ کے موقع پر لاہور میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں اور پولیس کے افسران و جوانوں کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔
آج کے اہم میچ میں لاہور قلندرز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی، جس کے پیش نظر شہر بھر میں سکیورٹی کے غیر معمولی اقدامات کیے گئے ہیں۔
پولیس ریزرو نفری کو سکیورٹی اور لاء اینڈ آرڈر ڈیوٹی پر روانگی سے قبل بریفنگ دی گئی، جس میں انہیں روزانہ کی بنیاد پر ڈیوٹی سے متعلق ضروری ہدایات فراہم کی جا رہی ہیں۔ ایس پی کے مطابق تمام اہلکاروں کو الرٹ رہتے ہوئے ذمہ داریاں ادا کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ایس پی منزہ کرامت کے مطابق سفید پارچات میں بھی پولیس افسران و جوان سکیورٹی ڈیوٹی پر مامور ہوں گے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بروقت نمٹا جا سکے۔ مزید برآں، ڈیوٹی پر تعینات اہلکاروں کو بروقت کھانے کی فراہمی کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔
خواتین پولیس افسران کو بھی سکیورٹی ڈیوٹی کے حوالے سے خصوصی بریفنگ دی گئی ہے جبکہ شہر کے اہم مقامات اور روٹس کی نگرانی سیف سٹی اتھارٹی کے کیمروں اور سی سی ٹی وی سسٹم کے ذریعے مسلسل جاری ہے۔