سٹی 42 : وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ دیوالی خوشی،امن اور روادی کا پیغام ہے، پاکستان میں تمام اقلیتوں کو مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے، قیامِ پاکستان سے تعمیر ودفاع پاکستان تک ہر شعبے میں اقلیتوں کا اہم کردار ہے۔
وزیراعظم ہاؤس میں دیوالی کے حوالے سے خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ وزیراعظم شہبازشریف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دیوالی خوشی،امن اور روادی کا پیغام ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم اور صحت کے شعبے میں اقلیتوں کی واضح خدمات ہیں۔ تمام ملکی سیاسی جماعتوں میں اقلیتوں کی نمائندگی موجودہے۔
شہبازشریف نے کہا کہ قومی اقلیتی کمیشن بل کی منظوری حکومت کی کامیابی ہے، قومی اقلیتی کمیشن کو مزید فعال کرنے کی منظوری دے دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اجالوں اور برداشت کی زمین ہے، ملک میں نفرت اور دہشتگردی کی گنجائش نہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت مختلف پروگرامز میں اقلیتوں کو شامل کیا جارہا ہے، مذہبی تہوار کے لیے بجٹ میں خصوصی رقم تجویز کی گئی ہے، سرکاری ملازمتوں میں اقلیتوں کے لیے 5 فیصد کوٹہ مختص کیا گیا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ قوم مسلح افواج کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کے لیے خصوصی اسکالرشپس حکومت کی ترجیح ہے۔