ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

وزیراعظم عمران خان کا دورہ لاہور، اہم فیصلے ہوگئے

وزیراعظم عمران خان کا دورہ لاہور، اہم فیصلے ہوگئے
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

( قذافی بٹ ) وزیراعظم کا ایک روزہ دورہ لاہور، ریور راوی منصوبے اور اشیائے خورونوش کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے حوالے سے اجلاس، وزیراعظم کہتے ہیں کہ عوام کو درپیش مہنگائی کی وجہ سے مجھے سب سے زیادہ تکلیف محسوس ہوتی ہے، ذخیرہ اندوزی کسی بھی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، ریور راوی منصوبہ پانی کی کمی اور آلودگی کے مستقل حل کو یقینی بنائے گا۔

وزیراعظم نے دورہ لاہور کے دوران وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے ون آن ون ملاقات کی۔ ملاقات میں سیاسی صورتحال اور اشیائے خورونوش کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم نے آئی جی پنجاب پولیس اور چیف سیکرٹری کے ساتھ بھی میٹنگ کی۔ وزیراعظم نے کابینہ کے سینئر اراکین کے ساتھ اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے ذخیرہ اندوزوں کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت کی۔

انہوں نے کہا کہ عام آدمی کو ریلیف دینےکیلئے تمام اقدامات اٹھائے جائیں، عوام کو ریلیف فراہم کرنے میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کروں گا۔ وزیراعظم نے تمام انتظامی افسران کو ہدایت کی کہ ذخیرہ اندوزوں اور ناجائز منافع خوروں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے اور عوام کو اشیائے ضروریہ کی وافر مقدار میں منظور شدہ قیمتوں پر دستیابی یقینی بنائی جائے۔

وزیراعظم عمران خان نے ریور راوی منصوبے سے متعلق اجلاس کی صدارت کی۔ چیئرمین ریور راوی نے منصوبے کے دورانیے اور بیرونی سرمایہ کاروں کی دلچسپی سے آگاہ کیا۔ عمران خان نے منصوبے کی رفتار کو تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ منصوبے پر ہونے والی پیش رفت سے مسلسل آگاہ رکھا جائے، روزانہ کی بنیاد پر مانیٹرنگ رپورٹ فراہم کی جائے۔

انہوں نے کہا کہ منصوبہ پانی کی کمی اور آلودگی کے مستقل حل کو یقینی بنائے گا۔ اجلاس میں وفاقی وزیر شبلی فراز، سید فخر امام، مشیر شہزاد اکبر، وزیراعلیٰ پنجاب، وزیر خزانہ پنجاب ہاشم جواں بخت اورچیف سیکرٹری پنجاب شریک ہوئے۔

 دوسری جانب وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس آج ہوگا، وفاقی کابینہ ملکی سیاسی ،معاشی اور سلامتی کی صورتحال کا جائزہ لے گی، کابینہ اپوزیشن کی تحریک اور حکومت مخالف جلسوں کا جائزہ لے گی، کابینہ کو گندم اور چینی کی درآمد کے حوالے تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کیا جائے گا، مہنگائی کے خاتمے کے حوالے حکومتی اقدامات اور اس کے نتائج کا جائزہ لیا جائے گا۔

وزیر اعظم عمران خان کابینہ کو ٹائیگر فورس کی ذمہ داریوں کے بارے بھی اعتماد میں لیں گے، کابینہ ادارہ جاتی اصلاحات کمیٹی کے 7 اکتوبر کے فیصلوں کی توثیق کرے گی سندھ انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کی تقرری کی منظوری دی جائے گی جبکہ اقتصادی رابطہ کمیٹی کے 14 اکتوبر کو ہونے والے فیصلوں کی توثیق کی جائے گی۔

M .SAJID .KHAN

Content Writer