دورِ نایاب : ڈائریکٹوریٹ جنرل واسا پنجاب نے صوبے میں پانی اور نکاسی آب کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے مرکزی کنٹرول روم قائم کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
نئے نظام کے تحت صوبہ بھر کے واٹر اینڈ سینی ٹیشن آپریشنز کو ایک ہی کنٹرول روم سے مانیٹر کیا جائے گا۔
ترجمان محکمہ ہاؤسنگ کے مطابق سیکرٹری ہاؤسنگ نورالامین مینگل کی ہدایت پر جدید کنٹرول روم کی تشکیل کا عمل شروع کر دیا گیا ہے، جہاں اے آئی ٹیکنالوجی کی مدد سے شکایات کا اندراج اور مانیٹرنگ کا جدید نظام متعارف کرایا جا رہا ہے۔
مزید بتایا گیا کہ سوشل میڈیا اور واٹس ایپ کے ذریعے بھی شہری اپنی شکایات درج کرا سکیں گے جبکہ شکایت کنندگان کی سہولت کے لیے جدید کال سینٹر کا آغاز بھی کیا جا رہا ہے۔ خودکار نظام کی بدولت صارفین کی شکایات کا فوری حل ممکن ہوگا۔
ترجمان کے مطابق ڈسپوزل اسٹیشنز، ٹیوب ویلز اور فلٹریشن پلانٹس کو اسکادا (SCADA) سسٹم پر منتقل کیا جائے گا، جس سے واٹر سپلائی اور سرفیس واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹس کی رئیل ٹائم مانیٹرنگ ممکن ہو سکے گی۔
محکمہ ہاؤسنگ کے ترجمان نے مزید کہا کہ واسا ایجنسیز کو مکمل طور پر ڈیجیٹائز کرنے کا عمل تیزی سے جاری ہے، جس کے بعد سروسز کا معیار مزید بہتر ہوگا۔