ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

برازیلین فٹبالر نیمار½ 2سال بعد فیفا ورلڈ کپ کیلئے قومی ٹیم میں شامل

برازیلین فٹبالر نیمار½ 2سال بعد فیفا ورلڈ کپ کیلئے قومی ٹیم میں شامل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک) برازیل کے معروف فٹبالر نیمار کو جون میں ہونے والے فیفا ورلڈ کپ 2026 کیلئےبرازیل کی ٹیم میں شامل کر لیا گیا۔ نیمار کی اڑھائی سال بعد قومی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔ نیمار کی قومی ٹیم میں شمولیت کے بعد برازیلی میڈیا میں جاری سلیکشن سے متعلق بحث ختم ہو گئی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق جون میں ہونے والے فیفا ورلڈ کپ  کیلئے نیمار کو برازیل کی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔خبر رساں ایجنسی ژنہواکی رپورٹ کے مطابق، برازیلی فٹبال ٹیم کے منیجر کارلو اینسیلوٹی نےنیمار کے نام کا اعلان سب سے آخر میں کیا، جس سے حالیہ ہفتوں میں برازیلی میڈیا میں جاری سلیکشن سے متعلق بحث ختم ہو گئی۔اینسیلوٹی نے ریو ڈی جنیرو میں پریس کانفرنس میں کہاکہ ہم نے نیمار کو اسلئے نہیں چُنا کہ ہمیں لگتا ہے کہ وہ ایک اچھا بیک اپ ہوں گے، بلکہ اسلئے چُنا ہے کیونکہ وہ اپنی خوبیوں سے ٹیم میں جان ڈال سکتے ہیں۔ چاہے وہ ایک منٹ کھیلیں یا 90منٹ۔ مجھے لگتا ہے کہ ہمیں پچ پر گزارے گئے مجموعی منٹس کے معیار پر توجہ دینی ہوگی۔ وہ تبھی کھیلیں گے جب وہ کھیلنے کے حقدار ہوں گے۔ اسکا فیصلہ ٹریننگ کرے گی۔ مجھے لگتا ہے کہ یہ ضروری ہے کہ ساری امیدیں صرف ایک کھلاڑی پر نہ ٹکی ہوں۔ اینسیلوٹی نے کہا کہ ہم نے پورے سال نیمار کا جائزہ لیا۔ وہ ایک اہم کھلاڑی ہیں اور اس ورلڈ کپ میں ہمارے لئے اہم ثابت ہوں گے۔ ان کی وہی ذمہ داری اور کردار ہے جو باقی25 کھلاڑیوں کا ہے۔ برازیل ورلڈ کپ میں اپنی مہم کا آغاز 13 جون کو نیو جرسی میں مراکش کے خلاف کرے گا۔ اس کے بعد گروپ سی میں ٹیم کا اگلا مقابلہ ہیٹی اور اسکاٹ لینڈ سے ہوگا۔

واضح رہے کہ 34سالہ نیمار نے برازیل کیلئے اب تک 128 بین الاقوامی میچ کھیلے ہیں۔ وہ ٹیم کیلئے79؍ گول کر چکے ہیں۔ وہ برازیل کے سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی بھی ہیں۔ نیمار نے برازیل کی جرسی میں اپنا آخری میچ2023 میں یوراگوئے کے خلاف ورلڈ کپ کوالیفائر میں کھیلا تھا۔بارسلونا اور پیرس سینٹ جرمین کے سابق فارورڈ اس کے بعد سے انجریز سے نبرد آزما رہے ہیں۔ پچھلے سال جنوری میں اپنے بچپن کے کلب سانتوس میں واپسی کے بعد نیمار نے تمام مقابلوں میں 38میچوں میں 17گول کئے۔

برازیل کی قومی فٹبال ٹیم کے کھلاڑیوں میں گول کیپرز: ایلیسن (لیورپول)، ایڈرسن (فینرباخچے)، ویورٹن (گرمِیو)،ڈیفنڈرز: الیکس سینڈرو، ڈینیلو، لیو پیریرا (فلیمنگو)، بریمر (جووینٹس)، ایبانےز (الاہلی)، ویسلے (روما)، مارکینیوس (پیرس سینٹ جرمین)، گیبریل میگالہیس (آرسنل)، ڈگلس سانتوس (زینت سینٹ پیٹرزبرگ)،مڈفیلڈرز: برونو گیماریش (نیو کیسل)، کاسمیرُو (مانچسٹر یونائیٹڈ)، ڈینیلو سانتوس (باٹافوگو)، فیبینھو (الاتحاد)، لوکاس پاکیٹا (فلیمنگو)، فارورڈز:  اینڈرک (لیون)، گیبریل مارٹینیلی (آرسنل)، ایگور تھیاگو (برینٹفورڈ)، میتھیس کونیا (مانچسٹر یونائیٹڈ)، رافینھا (بارسلونا)، وینیسیئس جونیئر (ریئل میڈرڈ)، لوئز ہنریکے (زینت سینٹ پیٹرزبرگ)، نیمار (سانتوس)، ریان (بورنماؤتھ)۔ شامل ہو نگے۔