عرفان ملک:لاہور میں جعلی سموں کے ذریعے آن لائن بینک فراڈ میں ملوث گروہ کو بے نقاب کر دیا گیا۔ نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی ای آئی اے) نے کارروائی کرتے ہوئے ایک بینکر سمیت 3 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
ڈائریکٹر علی وسیم کے مطابق ملزمان جعلی بائیومیٹرک تصدیق کے ذریعے ڈپلیکیٹ سمیں حاصل کرتے تھے اور ان سموں کی مدد سے شہریوں کے آن لائن بینک اکاؤنٹس سے لاکھوں روپے مختلف اکاؤنٹس میں منتقل کیے گئے۔
حکام کے مطابق کارروائی کے دوران 2 موبائل فون اور 11 سمیں بھی برآمد کر لی گئیں۔ ملزمان کے خلاف مقدمہ پیکا ایکٹ اور تعزیراتِ پاکستان کی مختلف دفعات کے تحت درج کر لیا گیا ہے۔
ڈائریکٹر این سی ای آئی اے کا کہنا ہے کہ گروہ کے مزید سہولت کاروں کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں، جبکہ تحقیقات کا دائرہ بھی وسیع کر دیا گیا ہے۔