سٹی42: سوشل میڈیا پر اسلحہ کی نمائش کرنے والا ٹک ٹاکر پولیس کے ہتھے چڑھ گیا۔ قلعہ گجر سنگھ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر اسلحے کی ویڈیو اپ لوڈ کرنے والے رحمان عرف مانی کو گرفتار کرلیا۔
پولیس کے مطابق ملزم رحمان نے ٹک ٹاک پر ویڈیو اپ لوڈ کی جس میں وہ پستول اور گولیوں کی نمائش کرتا دیکھا جا سکتا ہے۔ پولیس نے ملزم کے قبضے سے ناجائز پستول اور گولیاں بھی برآمد کر لی ہیں۔
ایس ایچ او رانا قادر کے مطابق ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
ایس پی سول لائن چودھری اثر علی نے کہا کہ سوشل میڈیا پر اسلحہ کی تشہیر اور نمائش قابلِ گرفت جرم ہے اور اس پر مکمل پابندی عائد ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ نوجوان طبقہ ایسے اقدامات سے گریز کرے جو قانون کی خلاف ورزی میں شمار ہوتے ہیں۔