قذافی بٹ: صوبائی ایپکس کمیٹی کا انسداد کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کیلئے تمام ممکنہ انتظامی اقدام اٹھانے کا فیصلہ، ایئرپورٹ پر انٹرنیشنل فلائٹ کی آمد پر سپرالرٹ ہوگا جبکہ مارکیٹوں اور بازاروں کی بندش کے اوقات پر انتظامی اقدامات کے ذریعے موثر عملدرآمد کرایا جائے۔
وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار کی زیرصدارت اپیکس کمیٹی کے اجلاس میں کورونا پازٹیو انٹرنیشنل مسافروں کی نشاندہی یقینی بنانے کیلئے اقدامات یقینی بنانے پر اتفاق کیا گیا۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ صوبے میں کورونا ویکسی نیشن سینٹرز کی تعدادمیں اضافہ کرکےشہریوں کو کورونا ویکسین لگانے کے عمل کو مزید تیز کیا جائے گا۔
اجلاس میں کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل محمد عبدالعزیز،جنرل آفیسر کمانڈنگ 10 ڈویژن میجر جنرل محمد انیق الرحمن ملک، ڈی جی رینجرز پنجاب میجر جنرل محمد عامر مجید، صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت، صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد، معاون خصوصی اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان، چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ اور اعلیٰ سول و عسکری حکام کی اجلاس نے شرکت کی۔
وزیراعلیٰ پنجاب @UsmanAKBuzdar کی زیرصدارت صوبائی ایپکس کمیٹی کا خصوصی اجلاس: کورونا کی تیسری لہر سے نمٹنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لانے کے عزم کا اعادہ
— CM Punjab (Updates) (@CMPunjabPK) May 20, 2021
عسکری قیادت کی کورونا کا پھیلاؤ روکنے کیلئے کیے گئے اقدامات کے حوالے سے سول حکومت سے ہر ممکن تعاون جاری رکھنے کی یقین دہانی pic.twitter.com/qRvV6ozuBn
اجلاس میں کیے گئے فیصلوں پر عملدرآمد کرانے کیلئے مشترکہ لائحہ عمل کے تحت موثر اقدامات اٹھانے پر اتفاق کیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ لاہور شہر میں کورونا کا پھیلاؤ روکنے کے لئے موثر مینجمنٹ کی علیحدہ پالیسی مرتب کی جائے گی جبکہ محکمہ صحت کورونا مہم کے دوران 4452پیرا میڈیکل سٹاف اورویکسینیٹر بھرتی کرے گا۔پنجاب میں آکسیجن کی سپلائی یقینی بنانے کیلئے 10آکسیجن جنریٹر اور 200 آکسیجن کنسنٹریٹر مہیا کیا جارہے ہیں اور پنجاب اپنے وسائل سے مزید ویکسین بھی خرید ے گا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ سب کو اپنی ذمہ داریوں کا احساس کرتے ہوئے یکساں ہو کر کاوشیں کرنا ہوں گی، مجھے یقین ہے کہ ہم ہر چیلنج پر قابو پانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ کورکمانڈ لاہورلیفٹیننٹ جنرل محمد عبدالعزیز نے پنجاب حکومت کے ساتھ ہر ممکن تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وباء کا پھیلاؤ روکنا ایک قومی چیلنج ہے۔ وباء کا پھیلاؤ روکنے کیلئے سول انتظامیہ کی ہر ممکن معاونت کررہے ہیں۔
کور کمانڈر لاہورلیفٹیننٹ جنرل محمد عبدالعزیز نے کہا کہ کورونا کی تیسری لہر پر قابو پانے کیلئے مشترکہ کاوشوں کو مزید موثر بنائیں گے۔ صوبائی ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں ڈاکٹروں،نرسوں اورپیرا میڈیکل سٹاف کی خدمات کو سراہا گیا۔ پولیس،پاک فوج اوررینجرز کے افسروں و اہلکاروں کی خدمات کو بھی خراج تحسین پیش کیا گیا۔