عید کے بعد مکمل لاک ڈاؤن کی تجویز

عید کے بعد مکمل لاک ڈاؤن کی تجویز
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

مال روڈ (عرفان ملک) پنجاب میں  کورونا کی بگڑتی صورتحال،  محکمہ صحت نے  وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کو مکمل لاک ڈاؤن کی تجویز دیدی اْدھر پولیس نے بھی تمام تیاریاں مکمل کرلیں۔

لاک ڈاؤن میں نرمی کے بعد  کورونا وائرس لاہور سمیت پنجاب بھر میں تیزی سے پھیلنا شروع ہوگیا، پولیس اہلکار، وارڈن، ڈاکٹرز، نرسز،  قیدی، بچے بڑے سب اس مہلک وبا سے متاثر ہورہے ہیں،   لاہور میں کورونا سے مزید 5 شہری جاں بحق ہوگئے جس کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 102 ہوگئی، جبکہ 503 نئے کیسز سامنے آنے کے بعد کورونا وائرس میں مبتلا افراد کی تعداد 8115 ہوگئی، پنجاب میں ایک لاکھ 74 ہزار سے زائد تشخیصی ٹیسٹوں کے نتیجے میں 15976 میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی، مجموعی اموات بڑھ کر 273 ہوگئیں۔

ذرائع کے مطابق شہر میں روز بروز کورونا کیسز کی بڑھتی تعداد اور عوامی غیر سنجیدگی کو دیکھتے ہوئے محکمہ صحت نے کم ازکم 4 ہفتوں کیلئے مکمل لاک ڈاؤن کی تجویز  وزیراعلیٰ پنجاب کو دی ہے، جس میں کہا گیا کہ لاک ڈاؤن سے ہی کیسز پرقابو پایا جا سکتا ہے۔ چند روز قبل وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیرصدارت ہونے والے اجلاس میں کابینہ کو محکمہ صحت نے کہا تھاکہ سمارٹ سمپلنگ کے بعد ہی لاک ڈاؤن ختم کرنے پرغور کیا جائے۔

سی سی پی او لاہور ذوالفقار حمید کا کہنا ہے کہ لاک ڈاؤن کے بارے میں جو بھی فیصلہ ہو گا، اس کیلئے اقدامات کریں گے، لاہور پولیس کی جانب سے حکومتی احکامات پر مکمل عملدرآمد کروایا جائے گا۔

واضح رہے کہ 24 مارچ سے کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کیلئے لاہور سمیت پنجاب بھر میں لاک ڈاؤن نافذ  ہے، اب عید کے پیش نظر لاک ڈاؤن میں نرمی کردی گئی، مارکیٹیں، بازار اور شاپنگ مالز  کھل گئے، ٹرین سروس بھی بحال کردی گئی تاہم شادی ہالز ، سینما گھر، تعلیمی ادارے اور  پارکس تاحال بند ہیں۔

 

Sughra Afzal

Content Writer