سٹی 42: صدرِ اسلامی جمہوریہ پاکستان آصف علی زرداری نے عیدالفطر کے موقع پر پیغام دیا۔
صدر مملکت نے اپنے پیغام میں کہا
میں پوری پاکستانی قوم کو عیدالفطر کی خوشیوں بھری ساعتوں پر دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ عیدالفطر درحقیقت ماہِ رمضان کی عبادات، صبر، تقویٰ اور ایثار کا صلہ ہے۔ یہ دن ہمیں الّلہ تعالیٰ کی رحمت، مغفرت اور بندگی کے احساس کے ساتھ ایک نئی روحانی زندگی کا آغاز کرنے کا پیغام دیتا ہے۔
الّلہ تعالیٰ قرآنِ مجید میں ارشاد فرماتا ہے:
يَا أَيُّهَا الَّذِينَ آمَنُوا كُتِبَ عَلَيْكُمُ الصِّيَامُ كَمَا كُتِبَ عَلَى الَّذِينَ مِن قَبْلِكُمْ لَعَلَّكُمْ تَتَّقُونَ (البقرہ: 183)
"اے ایمان والو! تم پر روزے فرض کیے گئے تاکہ تم میں تقویٰ پیدا ہو۔"
عید کا اصل پیغام تقویٰ، خود احتسابی اور اخلاقی طہارت ہے۔ رسول اکرم ﷺ نے فرمایا:
"مَنْ صَامَ رَمَضَانَ إِيمَانًا وَاحْتِسَابًا غُفِرَ لَهُ مَا تَقَدَّمَ مِنْ ذَنْبِهِ"
(جو شخص ایمان اور ثواب کی خاطر روزہ رکھتا ہے، اس کے اگلے پچھلے سب گناہ معاف کر دیے جائیں گے)۔
یہ دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ رمضان المبارک میں حاصل کی گئی تربیت کو اپنی عملی زندگی میں برقرار رکھنا ہی حقیقی کامیابی ہے۔ صبر، برداشت، ہمدردی، عدل اور اخوت وہ اقدار ہیں جو نہ صرف ایک مثالی فرد بلکہ ایک مضبوط اور متحد قوم کی بنیاد بنتی ہیں۔
عیدالفطر کا دن باہمی محبت، بھائی چارے اور سماجی ہم آہنگی کو فروغ دینے کا دن ہے۔ یہ ہمیں اس بات کی تلقین کرتا ہے کہ ہم اپنے اردگرد موجود ضرورت مندوں، یتیموں اور محروم طبقات کو اپنی خوشیوں میں شریک کریں اور معاشرے میں احساسِ ذمہ داری کو مضبوط کریں۔
آج کے دن ہمیں قومی یکجہتی، آئینی بالادستی اور قانون کی پاسداری کے عزم کی تجدید بھی کرنی چاہیے۔ پاکستان کی ترقی، استحکام اور خوشحالی ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
میں دعاگو ہوں کہ الّلہ تعالیٰ ہمیں توفیق دے کہ خطے میں آئی مصیبتوں کا ایسے مقابلہ کریں کہ مسلم امّہ کا اتحاد قائم رہے اور دنیا بھر میں امن قائم ہو۔
میں دعا گو ہوں کہ الّلہ تعالیٰ ہماری عبادات کو قبول فرمائے، پاکستان کو امن و سلامتی اور استحکام سے نوازے اور ہمیں اتحاد و اتفاق کے ساتھ آگے بڑھنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین!
عید مبارک۔
پاکستان زندہ باد۔