ویب ڈیسک : سوئی سدرن گیس کمپنی (ایس ایس جی سی) نے عید الفطر کیلئےگیس کی فراہمی کا شیڈول جاری کر دیا۔
سوئی سدرن گیس کمپنی نے عیدالفطر کے موقع پر صارفین کیلئے خصوصی گیس فراہمی کا شیڈول جاری کر دیا ہے، جس سے شہریوں کی خوشیوں میں اضافہ ہو گیا ہے۔
کمپنی کے اعلامیے کے مطابق عید کے پہلے اور دوسرے روز صبح 6 بجے سے رات 12 بجے تک گیس فراہم کی جائے گی، جبکہ ان دونوں دنوں میں رات 12 بجے سے صبح 6 بجے تک گیس کی فراہمی معطل رہے گی۔
اسی طرح عید کے تیسرے روز صبح 6 بجے سے رات 10 بجے تک گیس دستیاب ہوگی، جبکہ رات 10 بجے کے بعد سے صبح ساڑھے 5 بجے تک معمول کے مطابق لوڈ مینجمنٹ کی جائے گی۔
شہریوں نے اس فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ عید کے موقع پر گیس کی دستیابی ایک خوش آئند اقدام ہے.
شہریوں کے مطابق ماضی میں عید کے دنوں میں ایل پی جی استعمال کرنا پڑتی تھی، تاہم اس مرتبہ بہتر شیڈول سے سہولت میسر آئے گی۔