ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

جمعۃ الوداع:لاہور سمیت پنجاب بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ،سی سی ٹی وی کیمروں سے نگرانی

جمعۃ الوداع:لاہور سمیت پنجاب بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ،سی سی ٹی وی کیمروں سے نگرانی
کیپشن: file photo
سورس: google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

 عابد چودھری،فاران یامین:جمعۃ الوداع کے موقع پر  پنجاب پولیس نے مساجد اور عبادت گاہوں کی سکیورٹی کے لیے ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے۔

آئی جی پنجاب عبدالکریم نے ہدایت دی ہے کہ جمعۃ الوداع کی عبادات کے دوران فول پروف سکیورٹی کو یقینی بنایا جائے اور دہشت گرد و شرپسند عناصر سمیت مشکوک افراد پر کڑی نظر رکھی جائے۔

انہوں نے احکامات جاری کیے کہ مساجد، غیر ملکی سفارت خانوں، حساس مقامات اور اہم تنصیبات کی سکیورٹی مزید سخت کی جائے۔

پولیس حکام کے مطابق صوبہ بھر میں 32 ہزار 500 سے زائد عبادت گاہوں کی حفاظت کے لیے 83 ہزار سے زائد اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔

آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ ڈولفن اسکواڈ، پیرو اور ایلیٹ فورسز مذہبی و حساس مقامات اور مارکیٹوں کے اطراف پٹرولنگ میں اضافہ کریں، جبکہ سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے مؤثر نگرانی بھی یقینی بنائی جائے۔

مزید برآں سرچ اینڈ کومبنگ آپریشنز جاری رکھنے اور داخلی و خارجی راستوں سمیت بین الصوبائی چیک پوسٹوں پر تعینات اہلکاروں کو چوکس رہنے کی تاکید کی گئی ہے۔

انہوں نے علما کرام اور مشائخ عظام پر زور دیا کہ وہ ممبر و محراب سے بین المذاہب ہم آہنگی اور امن کا پیغام عام کریں۔

آر پی اوز اور ڈی پی اوز کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ مساجد کے منتظمین اور امن کمیٹیوں کے ارکان سے مسلسل رابطے میں رہیں۔

آئی جی پنجاب کے مطابق شہریوں کے تعاون سے رمضان المبارک کے دوران امن و امان کی فضا برقرار رکھی گئی ہے۔

 دوسری جانب لاہور میں جمعۃ الوداع کے موقع پر پولیس اور ڈولفن اسکواڈ کی جانب سے سکیورٹی انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔

ایس پی ڈولفن کے مطابق نماز جمعۃ الوداع کے لیے فول پروف سکیورٹی فراہم کی جائے گی، جبکہ سکیورٹی کو مزید مؤثر بنانے کے لیے پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی  کے کیمروں کے ذریعے بھی نگرانی جاری رہے گی۔

حکام کا کہنا ہے کہ ڈولفن اسکواڈ اور پولیس اہلکار نماز جمعہ کے اوقات میں مسلسل پٹرولنگ کرتے رہیں گے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔

لیفٹیننٹ (ر) اظہر جاوید کے مطابق شہر کے داخلی اور خارجی راستوں پر بھی سکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔

ترجمان ڈولفن نے بتایا کہ ٹیموں اور سیکٹر انچارجز کو جمعۃ الوداع کے حوالے سے خصوصی ہدایات جاری کی گئی ہیں، جبکہ جرائم کی روک تھام کے لیے بھی جامع حکمت عملی ترتیب دی گئی ہے۔