ویب ڈیسک : حال ہی میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں یہ انکشاف سامنے آیا ہے کہ رات گئے جاگنے والے افراد ڈپریشن جیسے عام ترین دماغی مرض کا باآسانی شکار ہوسکتے ہیں۔
برطانیہ میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں یہ انکشاف سامنے آیا، البتہ اس سے قبل ہونے والی تحقیقی رپورٹس میں بھی یہ انکشاف سامنے آیا ہے کہ صبح جلد جاگنے والوں کے مقابلے، رات گئے تک جاگنے والے افراد میں ڈپریشن کی علامات کا خطرہ زیادہ ہوتا ہے۔
برطانیہ میں ہونے والی طبی تحقیق کے لیے محققین نے یونیورسٹی کے 546 طالبعلموں کا ڈیٹا اکٹھا کیا جو آن لائن سوالناموں کے ذریعے جمع کیا گیا تھا، جس کے دوران ان طالبعلموں سے نیند کی عادات، منفی خیالات کے غلبے، ڈپریشن اور انزائٹی کی سطح کے بارے میں تفصیلات حاصل کی گئیں۔تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ رات گئے تک جاگنے والے افراد میں ڈپریشن سے متاثر ہونے کا خطرہ دیگر کے مقابلے میں زیادہ ہوتا ہے۔
تحقیق کے مطابق ایسا نیند کے ناقص معیار، منفی خیالات کے غلبے اور دیر تک جاگنے کے دوران ناقص غذاؤں کے استعمال کی وجہ سے ہوتا ہے۔
تحقیق کسی حد تک محدود تھی کیونکہ اس میں وجہ ثابت نہیں کی جاسکی۔ مگر محققین کا کہنا تھا کہ نتائج سے واضح عندیہ ملتا ہے کہ رات گئے تک جاگنے اور ڈپریشن کے خطرے کے درمیان تعلق موجود ہے خاص طور پر اگر نیند کا معیار ناقص ہو۔
محققین نے مزید بتایا کہ بیشتر جوان موجودہ عہد میں دماغی امراض کے مسائل کا سامنا کر رہے ہیں اور اس کی ایک بڑی وجہ رات گئے تک جاگنے کی عادت ہے۔
اس تحقیق کے نتائج جرنل PLOS One میں شائع ہوئے۔
قبل ازیں جون 2024 میں امریکا کی اسٹینفورڈ یونیورسٹی میں ہونے والی تحقیق کے مطابق رات گئے تک جاگنے کے عادی افراد میں دماغی صحت کے مسائل سے متاثر ہونے کا خطرہ زیادہ ہوتا ہے۔ اس تحقیق میں بتایا گیا کہ اگر آپ دیر تک جاگنے کے عادی ہیں تو دماغی اور رویوں سے متعلق امراض سے متاثر ہونے کا خطرہ بڑھتا ہے، چاہے آپ 7 سے 8 گھنٹوں تک سونے کے عادی ہی کیوں نہ ہوں۔
اس تحقیق میں 74 ہزار کے قریب درمیانی عمر کے افراد کو شامل کیا گیا تھا، ان میں سے 19 ہزار صبح جلد جاگنے کے عادی تھے، 6800 رات گئے تک جاگنا پسند کرتے تھے جبکہ باقی ان دونوں انتہاؤں کے درمیان کہیں موجود تھے۔ ان افراد کی نیند پر نظر رکھنے کے لیے 7 دن تک ایکٹیوٹی مانیٹر پہنائے گئے۔
محققین نے بتایا کہ نتائج سے واضح ہوتا ہے کہ دیر تک جاگنے کی عادت دماغی صحت کے لیے نقصان دہ ہے، مگر اس کی وجہ واضح نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ممکنہ طور پر رات گئے تک جاگنے والے اکثر افراد تمباکو نوشی اور زیادہ کھانے کے عادی ہوتے ہیں جس سے جسم کے ساتھ دماغ بھی متاثر ہوتا ہے۔