ملک اشرف: لاہور ہائیکورٹ کے سینئر جج جسٹس مسعود عابد نقوی کی ریٹائرمنٹ میں صرف دو ہفتے باقی رہ گئے ہیں۔ وہ 4 جولائی 2026 کو اپنی آئینی مدت پوری کرنے کے بعد عہدے سے سبکدوش ہو جائیں گے۔
جسٹس مسعود عابد نقوی 7 نومبر 2014 کو لاہور ہائیکورٹ کے جج تعینات ہوئے تھے اور اس وقت ججز کی سنیارٹی فہرست میں چھٹے نمبر پر ہیں۔
دوسری جانب لاہور ہائیکورٹ کے ایک اور سینئر جج جسٹس شاہد کریم بھی 19 اگست 2026 کو ریٹائر ہو جائیں گے۔ وہ بھی 7 نومبر 2014 کو ہائیکورٹ کے جج مقرر ہوئے تھے اور موجودہ سنیارٹی لسٹ میں ساتویں نمبر پر ہیں۔
عدالتی ذرائع کے مطابق دونوں ججز کی ریٹائرمنٹ کے بعد لاہور ہائیکورٹ میں خالی آسامیوں کی تعداد بڑھ کر 21 ہو جائے گی، جس سے عدالت میں ججز کی کمی کا مسئلہ مزید نمایاں ہونے کا امکان ہے۔
قانونی حلقوں کا کہنا ہے کہ بڑھتی ہوئی خالی آسامیوں کے باعث زیر التوا مقدمات کے بوجھ میں اضافے کا خدشہ ہے، جبکہ نئی تقرریوں کے عمل کو تیز کرنے کی ضرورت بھی اجاگر ہو رہی ہے۔