ویب ڈیسک: معروف امریکی ٹیلی ویژن ڈائریکٹر اور پروڈیوسر جیمز بروز 85 سال کی عمر میں انتقال کر گئے۔ وہ اپنی وفات کے وقت اہل خانہ کے ساتھ موجود تھے۔
جیمز بروز کو دنیا بھر میں ٹیلی ویژن کی تاریخ کے سب سے بااثر ہدایت کاروں میں شمار کیا جاتا ہے۔ انہوں نے مقبول سیریز ’’فرینڈز‘‘ کے کئی مشہور اقساط کی ہدایت کاری کی جبکہ کلاسک شو ’’چیئرز‘‘ کی تخلیق میں بھی اہم کردار ادا کیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق جیمز بروز 19 جون کو اس دنیا سے رخصت ہوئے۔ ان کے اہل خانہ نے تصدیقی بیان میں کہا کہ وہ گزشتہ کئی دہائیوں سے ٹیلی ویژن انڈسٹری کی ایک نمایاں اور قابل احترام شخصیت تھے۔
30 دسمبر 1940 کو پیدا ہونے والے جیمز بروز نے اپنے طویل کیریئر میں 11 ایمی ایوارڈز اور 5 ڈائریکٹرز گلڈ ایوارڈز حاصل کیے۔ انہوں نے ایک ہزار سے زائد ٹی وی اقساط کی ہدایت کاری کی اور ’’دی بگ بینگ تھیوری‘‘، ’’ٹیکسی‘‘، ’’فریزر‘‘ اور ’’ول اینڈ گریس‘‘ جیسے کامیاب شوز کی تشکیل میں بھی کردار ادا کیا۔
اہل خانہ کے مطابق جیمز بروز نہ صرف ایک کامیاب اور بااثر ہدایت کار تھے بلکہ ایک محبت کرنے والے شوہر، والد اور دادا بھی تھے۔