ثمرہ فاطمہ : شہر کے مختلف علاقوں میں بارش کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔ سول سیکرٹریٹ، لاہور ہائی کورٹ، چوبرجی، ڈیوس روڈ، شملہ پہاڑی اور دیگر متعدد علاقوں میں بارش ریکارڈ کی گئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج شہر میں وقفے وقفے سے مزید بارش ہونے کا امکان ہے، جبکہ بارشوں کا موجودہ سلسلہ 24 جولائی تک جاری رہنے کی توقع ہے۔
آج شہر کا موجودہ درجہ حرارت 36 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 38 اور کم سے کم 28 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔
ہوا میں نمی کا تناسب 56 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ 8 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں، جس کے باعث موسم نسبتاً خوشگوار ہوگیا ہے۔
متعلقہ اداروں نے شہریوں کو موسمی صورتحال کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے، غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کی صورت میں محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے۔