ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

لاہور میں پولیس کا بڑا کریک ڈاؤن، ون ویلر گینگ کا سرغنہ اور ڈکیت گرفتار

لاہور میں پولیس کا بڑا کریک ڈاؤن، ون ویلر گینگ کا سرغنہ اور ڈکیت گرفتار
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

عابد چودھری:لاہور ٹریفک پولیس نے ون ویلنگ کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے دوران ویلنگ گینگ کے سرغنہ کو گرفتار کر لیا، جبکہ اس کے دیگر ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

ڈی ایس پی اشفاق خان کے مطابق ڈیفنس بلیوارڈ اور سفید پارچات کے علاقوں میں خصوصی ڈیوٹی کے دوران ملزم کو گرفتار کیا گیا۔ گرفتار ملزم نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ون ویلنگ اور ہلڑ بازی کی سینکڑوں ویڈیوز اپ لوڈ کر رکھی تھیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ فرار ہونے والے گینگ کے دیگر ارکان کی شناخت کے لیے گرفتار ملزم کے انسٹاگرام اکاؤنٹ اور دیگر ڈیٹا تک رسائی حاصل کر لی گئی ہے اور ان کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔

سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے کہا ہے کہ جشن آزادی کے موقع پر لاہور پولیس کے تعاون سے عادی ون ویلرز کے خلاف ڈور ناکنگ مہم بھی چلائی جائے گی۔

 انہوں نے واضح کیا کہ ون ویلنگ، تیز رفتاری اور اوور اسپیڈنگ کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ویک اینڈ نائٹ کے دوران سی بی ڈی بلیوارڈ، ڈیفنس بلیوارڈ، فیز 6 اور کینال روڈ پر خصوصی ٹیمیں تعینات کر دی گئی ہیں تاکہ شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔

دوسری جانب چوکی بی بی پاکدامن پولیس نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے ریکارڈ یافتہ دو رکنی ڈکیت گینگ کو گرفتار کر لیا۔

پولیس ترجمان کے مطابق خفیہ اطلاع پر جامعہ نعیمیہ کے قریب واقع خالی پلاٹ میں کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کو حراست میں لیا گیا۔ ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا کہ ملزمان مختلف علاقوں میں ریکی کرنے کے بعد شہریوں کو اسلحے کے زور پر لوٹتے تھے۔

ذرائع کے مطابق پولیس نے گرفتار ملزمان کے قبضے سے دو غیر قانونی پستول اور دو چوری شدہ موٹرسائیکلیں بھی برآمد کر لی ہیں۔

گرفتار ملزمان کی شناخت دلاور اور عمر مالک کے نام سے ہوئی ہے۔ دونوں کے خلاف مقدمات درج کر کے مزید تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔