( قیصر کھوکھر ) حکومت پنجاب نے صوبائی وزیر سید صمصام علی شاہ بخاری کو نیا محکمہ دینے کا نوٹیفکیشن جاری کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ ایس اینڈ جی اے ڈی نے وزیراعلیٰ کی منظوری کے بعد صوبائی وزیر سید صمصام علی شاہ بخاری کو محکمہ فشریز اور وائلڈ لائف کا اضافی چارج دینے کا نوٹیفکیشن جاری کیا ہے۔ یہ محکمہ ملک اسد علی کھوکھر کے استعفیٰ سے خالی ہوا تھا۔
یاد رہے گزشتہ روز وزیر جنگلی حیات پنجاب اسد کھوکھر نے استعفیٰ دے دیا تھا جبکہ وزیر اعلیٰ ہاؤس کے ذرائع کا کہنا تھا کہ اسد کھوکھر کو وزارت سے فارغ کیا گیا ہے۔ اسد کھوکھر پر بیوروکریٹس کے ساتھ ملکر کرپشن کے مبینہ الزامات لگائے گئے تھے، انہوں نے بنی گالا جاکر وزیراعظم عمران خان سے ملنے کی کوشش بھی کی لیکن وہ ناکام رہے۔
ذرائع کا یہ بھی کہنا تھا کہ سابق صوبائی وزیر اسد کھوکھر پر اختیارات کے ناجائز استعمال اور کرپشن کے مبینہ الزامات کی چارج شیٹ لگائی گئی ہے۔ سابق صوبائی وزیر نے رنگ روڈ فیز تھری کے منصوبے میں رکاوٹ ڈالی، رنگ روڈ فیز تھری کے منصوبے کا افتتاح وزیراعظم نے گزشتہ ماہ دورہ لاہور کے دوران کیا تھا۔