( علی عباس ) جنوبی پنجاب میں سیکرٹریٹ کے قیام پر 4 ارب روپے کے فنڈ منظور، فنانس کیبنٹ کمیٹی نے فنڈز جاری کرنے کی منظوری دے دی۔
جنوبی پنجاب میں الگ سیکرٹریٹ کے قیام پر کام تیزی سے جاری ہے، ایڈیشنل آئی جی جنوبی پنجاب اور ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنوبی پنجاب کی تعیناتی کے بعد اب جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ اور جی او آر کی تعمیر پر کام جاری ہے، جس کے لیے فنانس کیبنٹ کمیٹی کی جانب سے ہنگامی بنیادوں پرچار ارب روپےکےفنڈز جاری کرنےکی منظوری دے دی گئی۔
ملتان میں پانچ سو کینال پر سیکرٹریٹ کا قیام اور جی او آر بنایا جائے گا۔ بہالپور میں پچاس ایکڑ کے رقبے پر سیکرٹریٹ اور جی او آر بنے گا۔ ابتدائی طور پندرہ محکمے، ایجنسیز اور ماتحت ادارے بنائے جائیں گے۔
دوسری جانب سٹیٹ گیسٹ میں دس منزلہ فائیو سٹار ہوٹل کی تعمیر کا منصوبہ اعتراضات کی زد میں آگیا۔ وفاق کی جانب سے پلان بنایا گیا تھا کہ مال روڈ پر واقع اسٹیٹ گیسٹ ہاؤس کی تزین و آرائش اور دس منزلہ فائیو سٹار ہوٹل تعمیر کیا جائے۔ اس منصوبےکی منظوری اور کاغذی کارروائی کے لیے حکومت پنجاب کی جانب سے کمیٹی تشکیل دی گئی، کمیٹی کی جانب سےاب کچھ اعتراضات عائد کیےگئےہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نئے قوانین کے مطابق وفاقی حکومت سٹیٹ گیسٹ ہاؤسز میں فائیو سٹار ہوٹل تعمیر نہیں کرسکتی، کمیٹی کی جانب سے ایل ڈی اے کے نئے قوانین کو مدنظر رکھتے منصوبے پر نظر ثانی کی ہدایات کی گئی ہیں۔ کمیٹی نے موجودہ اسٹیٹ گیسٹ کی عمارت کی تزئین و آرائش پر ترجیح دی ہے۔
ذرائع کے مطابق چیف سیکرٹری پنجاب نے سیکرٹری ہاؤسنگ کو ایل ڈی اے کے نئے قوانین پر اجلاس بلانے کا حکم دیا ہے۔