انڈر 16 بوائز ٹیبل ٹینس چیمپئن شپ لاہور نے جیت لی

انڈر 16 بوائز ٹیبل ٹینس چیمپئن شپ لاہور نے جیت لی
کیپشن: City42 - Table Tennis
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(حافظ شہباز علی) سپورٹس بورڈ پنجاب کے زیراہتمام جاری لاہور ڈویژن انٹر ڈسٹرکٹ انڈر 16بوائز چیمپئن شپ کے تیسرے روز بھی مقابلے جاری رہے، لاہور کے کھلاڑیوں نے اپنی سبقت برقرار رکھی، سرسبز اور صحتمند پنجاب سلوگن کے ساتھ سپورٹس ایسوسی ایشنز کے تعاون سے ہونیوالی چیمپئن شپ کے تیسرے روز لاہور ڈسٹرکٹ کی ٹیم ٹیبل ٹینس کی چیمپئن بن گئی، شیخوپورہ، قصور اور ننکانہ صاحب کی ٹیمیں بالترتیب دوسرے، تیسرے اور چوتھے نمبر پر رہیں۔

 قبل ازیں لاہور ڈسٹرکٹ کی ٹیم نے شیخوپورہ ڈسٹرکٹ کی ٹیم کو 3-1سے شکست دیدی، لاہور کے تیمور خان نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے دونوں میچز جیت لئے، تیمور خان نے شیخوپورہ کے موسیٰ یاسر کو سٹریٹ سیٹ میں 11-3، 11-4اور 11-7سے شکست دی۔

 دوسرے میچ میں تیمور خان نے موسیٰ یاسرکو 5-11،11,07 ،7-11،13-11اور 11-5 سے ہرادیا، لاہور کے ہی احمد نے عبداللہ یاسر کو 11-5،11-4 اور 11-6سے بآسانی مات دیدی، ایک اور مقابلے میں شیخوپورہ کے جہانزیب نے لاہور کے عبداللہ اسلم کو 11-6، 13-11اور 11-6 سے شکست دی۔

دوسرے میچز میں لاہور نے قصور کو 3-0، قصور نے ننکانہ صاحب کو 3-0 اور شیخوپورہ نے ننکانہ صاحب کو 3-0 سے ہرایا، نشتر پارک سپورٹس کمپلیکس کے جمنیزیم ہال میں ہونے والے والی بال کے مقابلے میں بھی لاہور فاتح رہا اور قصور کو 2-0 سے ہرا دیا، لاہور نے 25-20 اور 25-20 سے کامیابی حاصل کی۔دوسرے میچ میں شیخوپورہ نے لاہور کو 2-1سے ہرادیا، سکور26-24،22-25اور 15-9رہا، ایک اور میچ میں قصور نے ننکانہ صاحب کو 2-0سے مات دیدی، سکور 25-13اور 25-9رہا،منی ہاکی سٹیڈیم میں ہونے والے میچ میں شیخوپورہ نے ننکانہ صاحب کو ایک صفر سے شکست دی، شیرالحسن نے واحد گول کیا، ایک اور میچ میں لاہور نے شیخوپورہ کو 3-0 سے مات دی۔

 لاہور کی جانب سے عبدالقیوم، عبدالمنان اور رانا ارمان نے ایک ایک گول کیا، ریسلنگ میں 63 کلو گرام کیٹیگری میں لاہور کے ذیشان نے ننکانہ صاحب کے ماجدعلی، 38 کلوگرام میں لاہور کے حسن نے ننکانہ صاحب کے جاوید،  46 کلوگرام میں لاہور کے محمد ذیشان نے شہباز، 54 کلوگرام میں لاہور کے عمر لطیف نے ننکانہ صاحب کے حسنین اور شیخوپورہ کے محمد قاسم نے قصور کے اعجاز کو شکست دی،شائقین کی بڑی تعداد نے مقابلے دیکھے اور کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی۔