بلاول بھٹو نے اپنا مشن بتا دیا

بلاول بھٹو نے اپنا مشن بتا دیا
کیپشن: City42 - Bilawal Bhutto
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(شاہ رخ ندیم) چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ لاہور نے ثابت کر دیا کہ بھٹو آج بھی زندہ ہے، میں ذوالفقار علی بھٹو، بینظیر بھٹو کی طرح عوام کی خدمت کرنے آیا ہوں، 25 جولائی کو سب نے تیر پر ٹھپہ لگانا ہے۔

تفصیلات کے مطابق چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کا کاروان جمہوریت قافلہ لاہور پہنچنے پر جیالوں نے ان کا شاندار استقبال کیا۔ بلاول بھٹو نے کارکنوں سے خطاب میں کہاکہ میں بھٹو کا نظریہ اور بی بی کا مشن لے کر آیا ہوں۔شہید بینظیر بھٹو کے نامکمل مشن کو پورا کروں گا۔ میرا مقابلہ ان دائیں بازو کی جماعتوں سے ہے، جنہوں نے پنجاب کو یرغمال بنایا ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نظریاتی بحران کی وجہ سے پنجاب کے مسائل حل نہیں ہو سکے ہم اصولوں کی سیاست کریں گے، پیپلزپارٹی ہمیشہ سےعوام دوست منشور لے کر آئی، اقتدار میں آکر خواتین کو بلاسود قرضے دیں گے، بھوک مٹاؤ پروگرام کے تحت فوڈ کارڈ جاری کریں گے۔

ٹھوکر نیاز بیگ پر پہنچنے پر بلاول کا شاندار استقبال کیا گیا۔ بلاول بھٹو نے کہاکہ عوام ترقی پسند اور روشن خیال پاکستان بنانے میں میرا ساتھ دیں۔ میں اپنے نانا کی انقلابی اور والدہ کی طرح عوامی منشور لایا ہوں، میں گالم گلوچ کی سیاست کرتا ہوں نہ کروں گا۔ گالم گلوچ اور شوبازی کی سیاست وہ کرتے ہیں جن کے پاس کوئی نظریہ نہیں۔ میں ایک نظریے کے ساتھ سیاست کے میدان میں آیا ہوں۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ پیپلز پارٹی برسر اقتدار آ کر فوڈ کارڈ ، اپنا گھر پروگرام اور غربت ختم کرنے کے لیے پروگرام پر عمل درآمد کرائے گی۔