عرفان ملک:لاہور پولیس نے بسنت کے دنوں میں ممکنہ خطرات کے پیشِ نظر سکیورٹی ہائی الرٹ کر دی ہے۔
پولیس حکام کا کہنا تھا کہ آن لائن بسنت کی تیاریوں کا انکشاف ہوا ہے اور مختلف اضلاع سے ڈور اور پتنگیں منگوائی جا رہی ہیں۔
سائبر کرائم کے پیشِ نظر لاہور پولیس نے سائبر پٹرولنگ میں اضافہ کر دیا ہے اور سوشل میڈیا و دیگر آن لائن پلیٹ فارمز پر پتنگ اور کیمیکل ڈور کی فروخت پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے۔ اب تک آن لائن پتنگیں فروخت کرنے والے 60 افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔
گرفتار ملزمان کا تعلق نہ صرف لاہور بلکہ دیگر اضلاع اور صوبوں سے بھی بتایا جا رہا ہے۔ پولیس نے واضح کیا ہے کہ آن لائن نیٹ ورکس کے ذریعے بسنت منانے کی منظم کوششیں ناکام بنا دی گئی ہیں اور لاہور میں پتنگیں اور ڈور صرف رجسٹرڈ پتنگ سازوں سے خریدی جا سکتی ہیں۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ یہ اقدامات شہریوں کی حفاظت اور بسنت کے دنوں میں امن و امان کو یقینی بنانے کے لیے کیے گئے ہیں۔