احمد منصور: فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے نیشنل پولیس اکیڈمی اسلام آباد کا دورہ کیا جہاں انہوں نے کیڈٹ اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹس آف پولیس سے ملاقات کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق نیشنل پولیس اکیڈمی آمد پر کمانڈنٹ نے فیلڈ مارشل کا استقبال کیا اور پولیس کے چاق و چوبند دستے نے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیرِ مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری بھی موجود تھے۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ مضبوط، پیشہ ور اور عوام دوست پولیس فورس داخلی سلامتی کے لیے ناگزیر ہے اور قانون نافذ کرنا پولیس کی مقدس ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج ہمیشہ پاکستان کی بہادر اور قابل فخر پولیس کے شانہ بشانہ کھڑی رہے گی۔
انہوں نے قیام امن اور عوامی تحفظ کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے پولیس شہدا کی قربانیوں کو سراہا اور دہشت گردی، جرائم اور داخلی سلامتی کے چیلنجز کے خلاف پولیس کی قربانیوں کا اعتراف کیا۔ فیلڈ مارشل نے پولیس کو شہریوں کی جان، مال اور عزت کے تحفظ میں پہلی دفاعی لائن قرار دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل نے بین الادارہ تعاون، جدید پولیسنگ اور عوامی اعتماد کے فروغ پر زور دیا۔ سینئر پولیس قیادت نے محکمہ کے معیار کو بہتر بنانے، پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافے اور ادارہ جاتی اصلاحات کے عزم کا اعادہ کیا۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے یادگار شہدا پر پھولوں کی چادر چڑھائی، فاتحہ خوانی کی اور پولیس شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا۔